سری نگر- جموں قومی شاہراہ ٹریفک کیلئے بند، مغل شاہراہ پر آمد و رفت جاری

File Photo

سری نگر//وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ رام بن کے مہاڑ علاقے میں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے پیر کے روز ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہی۔
معلوم ہوا ہے کہ سری نگر جموں شاہراہ پر موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کئی مقامات پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا۔ وہیں جموں صوبہ کے پونچھ ضلع کو وادی کیساتھ ملانے والی تاریخی مغل شاہراہ پر گاڑیوں کی دو طرفہ آمد و رفت جاری ہے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ رام بن کے مہاڑ اور کیفٹ ایریا علاقے میں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل متاثر ہوئی۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سری نگر، جموں اور رام بن میں قائم ٹریفک کنٹرول یونٹس کے ساتھ رابطہ کرنے سے قبل اس شاہراہ پر سفر کرنے سے اجتناب کریں۔
قومی شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی کو یقینی بنانے کے لئے مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگا دیا گیا ہے اور آخری اطلاعات موصول ہونے تک شاہراہ پر بڑی تعداد میں گاڑیاں در ماندہ گوئی تھی۔
بتادیں کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیش گوئی کی ہے کہ جموں وکشمیر میں پندرہ اگست سے شدید بارشوں کا امکان ہے جس دوران کئی مقامات پر لینڈ سلائڈنگ اور بادل پھٹنے کے واقعات بھی وقوع پذیر ہونے کا امکان ہے۔