حجا ب پر کوئی پابندی عائد نہیں، طالبات وردی کے اوپر کچھ بھی زیب تن کر سکتی ہیں: آلوک کمار

یو این آئی

سری نگر// جموں وکشمیر ایجوکیشن محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری آلوک کمار نے واضح کیا ہے کہ یونین ٹریٹری میں حجاب یا عبایہ پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ وشیو بھارتی سکول کی پرنسپل نے اس حوالے سے کوئی آرڈر نہیں نکالا ۔
آلوک کمار کا کہنا تھا کہ وردی کے اوپر طالبات جو بھی پہنیں انہیں اس کی پوری اجازت ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے نیوز پورٹل کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں حجاب یا عبایہ پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔
وشیو بھارتیہ اسکول میں عبایہ پر پابندی عائد کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پرنسپل سیکریٹری ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ آلوک کمار نے بتایا کہ اس حوالے سے کوئی آرڈر نہیں نکالا گیا۔انہوں نے کہاکہ جوں ہی یہ معاملہ سامنے آیا ہم نے اس کا نوٹس لیا اور فوری طورپر پرنسپل اور اسکول انتظامیہ کے ساتھ بات کی ۔
ان کے مطابق اسکول پرنسپل نے حجاب یا عبایہ پر کوئی پابندی عائد نہیں کی اور نہ ہی اسکول انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی آرڈر نکالا گیا۔
موصوف پرنسپل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ حجاب یا عبایہ کے نیچے اسکول وردی پہننا لازمی ہے اور یہ کوئی غلط بات نہیںان کے مطابق ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں حجاب یا عبایہ پر کوئی پابندی عائد نہیں اور طالبات وردی کے اوپر جو بھی پہننا چاہتے ہیں انہیں اس کی پوری آزادی حاصل ہے ۔
گنڈ حسی بٹ میں پرنسپل کی گرفتاری کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں آلوک کمار نے بتایا کہ یہ شرمندگی کی بات ہے کہ پرنسپل کو اس طرح کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے معاملے کی فوری کارروائی عمل میں لا کر پرنسپل کو حراست یں لیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مستقبل میں ایسا کوئی واقع پیش نہ آئے اس کے لئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری الوک کمار نے وشیو بھارتی ہائر سکنڈری اسکول رعناواری کا دورہ کیا اور وہاں پر عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کی ۔
ذرائع نے کہاکہ دورے کے دوران پرنسپل سیکریٹری نے طالبات کی جانب سے احتجاج کرنے کا مسئلہ اٹھایاجس دوران پرنسپل نے آلوک کمار کوبتایا کہ اسکول انتظامیہ نے اس حوالے سے کوئی آرڈر نہیں نکالا ہے۔