ڈوڈہ میں عادی منشیات فروش کے خلاف پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج

جموں//منشیات کے سمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے ڈوڈہ ضلع میں ایک عادی منشیات فروش کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ بدنام زمانہ منشیات فروش امجد علی، ساکن صادق آباد تحصیل، ضلع ڈوڈہ کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ 1988 کے تحت منشیات کی غیر قانونی سمگلنگ، کاروبار میں ملوث ہونے کی وجہ سے مقدمہ درج کیا گیا ہے اور صوبائی کمشنر جموں کے حکم کے تحت پی ایس اے عائد کر کے اسے ضلع جیل بھدرواہ میں رکھا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ امجد علی علاقے میں منشیات فروشی کی وجہ سے بدنام تھا اور اس کے خلاف ڈوڈہ اور رام بن اضلاع کے تھانوں میں کئی ایف آئی آر درج ہیں۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ وہ نشہ آور ادویات اور سائیکو ٹراپک مادوں کے قبضے اور نقل و حمل میں ملوث تھا اور عادی مجرم ہونے کے کی وجہ سے وہ علاقے کے نوجوانوں کے لیے خاص طور پر ڈوڈہ قصبہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے لیے ایک سنگین خطرہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس اے کے تحت اس کی نظر بندی یقینی طور پر جرائم پیشہ افراد اور منشیات سمگلروں کی روک تھام کا کام کرے گی اور علاقے کے بے گناہ نوجوانوں کی قیمتی جانیں بھی بچائی جائیں گی۔
بتادیں کہ ڈوڈہ پولیس نے رواں برس بدنام زمانہ منشیات فروشوں اور پوست کے پودے (افیون) کی کاشت کرنے والوں کے خلاف متعدد ایف آئی آر درج کی ہیں۔
اس کے علاوہ پی ایس اے کے تحت (04) عادی منشیات فروشوں کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں (03) بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
مزید ، رواں برس بڑی تعداد میں منشیات فروشوں کو احتیاطی تحویل میں لے کر ضلع جیل بھدرواہ میں رکھا گیا ہے۔