دلباغ سنگھ نے 3.24کروڑ روپے سے زیادہ کے قرضوں اور ریلیف کو منظوری دی

جموں// پولیس ہیڈکوارٹر کے جموں و کشمیر پولیس اہلکاروں کے لیے فلاحی اقدامات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں وکشمیر دلباغ سنگھ نے 275اہلکاروں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 3.24 کروڑ روپے سے زیادہ کا فلاحی قرض/ریلیف منظور کیا ہے۔

فلاحی رقم سنٹرل پولیس ویلفیئر فنڈ سے پی ایچ کیو کے آرڈر نمبر 2164 آف 2022 کے ذریعے منظور کی گئی ہے۔

اس حکم کے تحت 41پولیس اہلکاروں کے لیے 57لاکھ روپے کا فلاحی قرض ان کے علاج یا ان کے زیر کفالت افراد کے علاج کے لیے منظور کیا گیا ہے۔ 140پولیس اہلکاروں کے حق میں ایک ایک لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ 63 پولیس اہلکاروں کے حق میں 1.50لاکھ روپے ان کی اپنی شادی یا ان کے اہلِ خانہ میں کسی کی شادی کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے منظور کیے گئے ہیں۔

اسی طرح 17پولیس اہلکاروں کو ان کے اہلِ خانہ میں کسی کی اعلیٰ/پیشہ ورانہ تعلیم کے لیے 1.5لاکھ روپے کا فلاحی قرضہ فراہم کیا گیا ہے۔ جبکہ بیٹے کی سکل ایجوکیشن کے لیے ایک پولیس پرسنل کے حق میں ایک لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ ایک پولیس اہلکار کو اس کے بچوں کا ختنہ کروانے کے لیے 50 ہزار روپے کی منظوری دی گئی ہے۔

اس حکم کے تحت، 3.80لاکھ روپے بہبود ریلیف کے طور پر بھی 11پولیس اہلکاروں کے حق میں ان کی طبی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے منظور کیے گئے ہیں۔

پولیس اہلکاروں کو منظور شدہ فلاحی قرضہ قابل واپسی ہے اور بغیر کسی سود کے ان کی تنخواہوں سے ماہانہ قسطوں میں وصول کیا جاتا ہے۔ تاہم، فراہم کردہ فلاحی ریلیف ناقابل واپسی ہے۔

پولیس ہیڈ کوارٹر مختلف فلاحی اسکیموں کے تحت جموں و کشمیر پولیس کے تمام رینک بشمول شہید پولیس اہلکاروں کے بچوں اور شہید ایس پی اوز کے بچوں کو بھی مدد فراہم کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ، حاضر سروس پولیس اہلکاروں/شہید/ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں/ایس پی اوز کے بچوں کے لیے ایک قابل اسکالرشپ فراہم کی جاتی ہے۔