امرت پال سنگھ گروپ کے ساتھ مبینہ روابط کا الزام، جموں میں میاں بیوی گرفتار

دائیں: امرت پال سنگھ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بائیں: جموں سے گرفتار امریک سنگھ

جموں// “وارس پنجاب دے” کے سربراہ اور خالصتانی حامی امرت پال سنگھ کے مبینہ سرپرست پپل پریت سنگھ کے ساتھ تعلقات رکھنے والے ایک جوڑے کو آج آر ایس پورہ علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔
ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر، ڈاکٹر سنیہ اشکور وانی نے کہا کہ امریک سنگھ اور اس کی اہلیہ سربجیت کور کو جموں و کشمیر پولیس نے آر ایس پورہ تحصیل کے کلیاں علاقے سے حراست میں لیا اور بعد میں انہیں پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس افسر نے کہا، “میں بیوی کو پپل پریت سنگھ کے ساتھ مبینہ روابط کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے”۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ پپل پریت سنگھ امرت پال سنگھ کا سرپرست ہے، جس نے مبینہ طور پر پولیس کے جال سے فرار ہونے میں مدد کی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ”وہ (پپل پریت سنگھ) پاکستانی ایجنسی آئی ایس آئی کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا۔
ایس ایچ او میران صاحب، ظہیر مشتاق نے بتایا کہ گزشتہ شب سے ہی امریک سنگھ اور سربجیت کور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے تھے، جو دراصل آر ایس پورہ کے رہنے والے ہیں لیکن کلیاں میں کرائے کے مکان میں رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم نے جوڑے کو مخصوص اطلاع پر گرفتار کیا اور بعد میں انہیں پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔