راجوری کے منجاکوٹ میں آتشزدگی، قریب ڈیڑھ درجن مویشی ہلاک

راجوری// جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے منجاکوٹ علاقے میں دوران شب آگ کی ایک واردات میں کم سے کم ڈیڑھ درجن مویشی جھلس کر ہلاک ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ منجکوٹ کے پنجگرین تھانڈا پانی علاقے میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب تنظیم اختر بیوہ محمد عنایت کے کچے مکان میں آگ لگ گئی۔
انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں 17 مویشی جن میں 2 بھینس اور 15 بھیڑ شامل ہیں، جھلس کر ہلاک ہوگئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں کسی انسانی جان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں اور آگ لگنے کی وجوہات بھی معلوم کی جا رہی ہیں۔