اودھم پور میں ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے سرچ آپریشن جاری

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// اودھم پور ضلع کے بسنت گڑھ کے گھنے جنگلات میں ملی ٹینٹوں کے دو گروہوں کا سراغ لگانے اور مار گرانے کے لیے ایک وسیع سرچ آپریشن پیر کو دوسرے دن میں داخل ہو گیا ہے۔
اتوار کو علی الصبح چھوچرو گالا کی اونچائیوں کے دور افتادہ پنارا گاوں میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ ایک مختصر تصادم میں ایک گاوں ڈیفنس گارڈ (وی ڈی جی) مارا گیا، جس کے بعد پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے تلاش شروع کی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ آپریشن جاری ہے اور فرار ہونے والے جنگجووں سے کوئی تازہ رابطہ نہیں ہواہے۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے اور مار گرانے کی کوششوں کو تیز کرنے کیلئے اضافی فورسز پیر کی صبح علاقے میں بھیج دی گئی ہیں۔
جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آنند جین نے کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ ملی ٹینٹوں کے دو گروپ حال ہی میں سرحد پار سے دراندازی کے بعد علاقے میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں گروپوں کی تعداد چار سے چھ کے درمیان ہے اور سیکورٹی فورسز ان کو ختم کرنے کے لیے مختلف معلومات پر کام کر رہی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ملی ٹینٹ سرحد پار سے اس طرف گھسنے میں کامیاب ہونے کے بعد ملحقہ کٹھوعہ ضلع سے بسنت گڑھ پہنچے تھے اور وادی چناب کی طرف جارہے تھے جب پولیس اور وی ڈی جی کے ارکان نے ان کا سامنا کیا۔
ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور وی ڈی جیز نے ہفتہ کی شام دیر گئے جنگلاتی علاقے میں چھاپے مارے۔