بارہمولہ: ضمانت پر رہا منشیات فروش پر نظر رکھنے کیلئے جی پی ایس ٹریکر کا استعمال

عظمیٰ ویب ڈیسک

بارہمولہ// شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں پولیس نے ضمانت پر رہا منشیات فروشوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے جدید ترین جی پی ایس ٹریکنگ ٹیکنالوجی کو اپنا لیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ عدالت سے موصول ہونے والے حکم کی تعمیل میں، بارہمولہ پولیس نے پولیس تھانہ بارہمولہ کے ایک این ڈی پی ایس کیس میں ضمانت یافتہ منشیات فروش پر جی پی ایس ٹریکنگ ڈیوائس لگا ئی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ملزم کو منشیات کی برآمدگی کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا اور حال ہی میں ضمانت پر رہا ہوا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جی پی ایس پازیب کا استعمال منشیات فروش کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا جائے گا کہ وہ ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی نہ کر سکے۔
اُنہوں نے کہا کہ بارہمولہ پولیس کی یہ کارروائی بارہمولہ کو منشیات سے پاک ضلع بنانے کے اس کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔