سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستان سے تیندوہ آنے کے بعد الرٹ جاری

یو این آئی

جموں// جموں وکشمیر کے ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ رام گڑھ سیکٹر میں پاکستان سے ہندوستان کی طرف ایک تیندوا آنے کے بعد الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق رام گڑھ سیکٹر میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب بی ایس ایف کی سرحدی چوکی نرسری کے نزدیک ایک تیندوے کو سرحد پار کرتے ہوئے کیمرے میں بند کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف کے متعلقہ یونٹ سے اطلاع ملنے کے بعد تمام سرحدی چوکیوں کو الرٹ کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا: ‘چوکیوں کے اہلکاروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ لوگوں کو تیندوے کی موجودگی کے بارے میں مطلع کریں اور ان کو رات کے وقت گھومنے پھرنے سے احتیاط کرنے کو کہیں’۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ وائلڈ لائف کو بھی اس کے متعلق مطلع کیا گیا اور تیندوے کو پکڑنے کے لئے کوششیں جا ری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس پارٹیوں کو کیسو، بروٹہ، لاگوال، پاکھری اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لئے روانہ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔