عوامی دہلیز پر مسائل کا نپٹارا ڈپٹی کمشنر سری نگرنے تکیہ سنگریشی کھمبر میںشکایات کا ازالہ کیمپ لگایا

سرینگر//انتظامیہ کو ضلع کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کی اپنی کوششوں میںڈپٹی کمشنر سری نگر، محمد اعجاز اسد نے کل تکیہ سنگریشی میں ہفتہ وار بلاک دیوس کے تحت عوامی شکایات کا ازالہ کیمپ منعقد کیا۔ اس موقع پر مقامی ڈی ڈی سی ممبر، پی آر آئی کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر کے سامنے مختلف مسائل اور مطالبات پیش کیے جن میں گورنمنٹ بوائز مڈل سکول کے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن، تکیہ سنگریشی سے مونگی داجان تک سڑک کی تعمیر/اپ گریڈیشن، مقامی ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا، موبائل ٹاور کی تنصیب شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مطالبات سننے کے بعد ان کے بروقت ازالہ کے لیے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے شکایات کے ازالے کے کیمپوں کے انعقاد کا مقصد عوام الناس سے مقامی مسائل کا جائزہ لینا اور ڈی سی آفس یا دیگر سرکاری دفاتر کا دورہ کیے بغیر ان کے بروقت ازالہ کو یقینی بنانا ہے۔