شیرکشمیرمیڈیکل انسٹی چیوٹ کا40واں یوم تاسیں ادارے میں تمام طبی سہولیات آن لائن ہوں گی:ڈائریکٹر

سکمزکی بنیادمریض کی دیکھ بھال،تحقیق وتدریس:پروفیسرزرگر
نیوز ڈیسک

سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کا پیر کو 40واں یوم تاسیس منایا گیا ۔ تقریب کا اہتمام سکمز صورہ کے آڈیٹوریم میں کیا گیا جبکہ تقریب پر پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ چندی گڑھ پروفیسرڈاکٹر وویک لال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ سابق ڈائریکٹر سکمز پروفیسر شوکت زرگر نے بطور مہمان ذی وقار کے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق ڈائریکٹر سکمز اور معروف اینڈوکرائنولاجسٹ پروفیسر عبدالحمید زرگر نے Sheri kashmir Orationپیش کی۔ انہوں نے حاضرین کو غیر متعدی بیماریوں کے بارے میں جانکاری دی اور مختلف بیماریوں میں متاثر لوگوں کے بارے میں بتایا۔ مہمان خصوصی پروفیسر وویک لال نے خطاب میں طلبہ پر زور دیا کہ وہ شعبہ صحت میں تندہی سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ مریض ہمارے لئے اثاثہ ہوتے ہیں جو ہمیں شعبہ صحت کے بارے میں جانکاری دیتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں کیونکہ صرف قابلیت سے ہی ایک ڈاکٹر مریض کے بارے میں جان سکتا ہے۔ اس موقع پر پروفیسر شوکت علی زرگر نے اپنے خطاب کے سکمز کو بہتر ادارہ بنانے میں مختلف فیکلٹی ممبران کے رول کو سراہا۔پروفیسر زرگر نے کہا کہ سکمز صورہ کی بنیاد ، مریض کی دیکھ بال، تحقیق اور تدریس ہے اور اس کو برقرار رکھنے کیلئے تمام متعلقین کو کام کرنا چاہئے۔ اس موقع پر پروفیسر پرویز احمد کول نے سکمز کی حصولیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کیلئے دستیاب خدمات کو ڈجیٹائز کرنے کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سپر اسپیشلٹی کورسز امسال شروع کئے گئے جن میں ایم ڈی پلمنری میڈیسن اور ایم سی ایچ انڈوکرائنولوجی بھی شروع کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی پروفیسر بشیر احمد لاوے نے تدریسی حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سکمز میں اسوقت بہت سے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسزجاری ہیں۔اس موقع پرنسپل سکمز میڈیکل کالج بمنہ پروفیسر عرفان ربانی نے آرگنائزنگ چیر مین پروفیسر الطاف حسین شاہ، آرگنائزنگ سیکریٹری پروفیسر مشتاق احمد خان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سالانہ رپورٹ اور میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سکمز ڈاکٹر پروفیسر فاروق احمد جان کی تحریر کردہ کتاب ’’ کالٹی منجیمنٹ آف ہاسپیٹل‘‘ کی رسم رونمائی کی گئی۔