۔3وارڈوں کیلئے محض 1ٹرانسفارمر راجنگر اپر گھبر کے صارفین بجلی شعبہ سے ناراض

 محمد بشارت

کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے بدھل علاقہ میں بجلی نظام آہستہ آہستہ خستہ حالی کی جانب گامزن ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے صارفین کی دقتیں مزید بڑھ گئی ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی کے آفیسران و ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہی علاقہ میں نصب کردہ ٹرانسفارمروں پر لوڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے گائوں میں اکثر سپلائی نظام متاثر رہتا ہے لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے اس کو بہتر بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بدھل کی پنچایت راجنگر اپر گھبر کی 3وارڈو ں کیلئے صرف 1بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا گیا ہے تاہم لوڈ زیادہ ہو نے کی وجہ سے مذکورہ ٹرانسفارمر سے بجلی کی سپلائی ہمیشہ متاثر رہتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وارڈ نمبر آٹھ میں نصب ٹرانسفارمر سے ملحقہ علاقوں میں بھی بجلی کی سپلائی فراہم کی جارہی ہے لیکن لوڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی متاثر رہتی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے جونیئر انجینئر اور اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر عوام کی مشکل کو حل کرنے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دے رہے ہیں ۔صارفین نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ ٹرانسفارمر کی صلاحیت بڑھا کر عوام کو معیاری سپلائی فراہم کی جائے ۔