۔1کمرے پر مشتمل منجا کوٹ کا پرائمری سکول ٹوپہ بچوں کیلئے کھیل کا میدان ،ٹائلٹ کمپلیکس ودیگر سہولیات موجود نہیں

پرویز خان

منجا کوٹ //راجوری ضلع کی سرحدی تحصیل منجا کوٹ میں قائم کرد ہ گور نمنٹ پرائمری سکول ٹوپہ کلالی میں بچوں کے پاس بنیادی سہولیات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے والدین ان کے مستقبل کو لے کر تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔والدین نے محکمہ ایجوکیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کلالی کی وارڈ نمبر 4میں قائم کر دہ گور نمنٹ پرائمری سکول میں زیر تعلیم بچے محض 1کمرے میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں تاہم ان کے پاس دیگر بنیادی سہولیات بھی موجود نہیں ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سکول میں ابھی تک بچوں کیلئے کوئی ٹائلٹ کمپلیکس تعمیر ہی نہیں کیا گیا ہے جبکہ سکول کی تعمیر شدہ عمارت بھی انتہائی خستہ حال ہو ئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ سے متعدد مرتبہ رجوع کرنے کے باوجود بھی ابھی تک سکول میں پینے کے صاف پانی کا کوئی بندوبست ہی نہیں کیاگیا ہے جس کی وجہ سے بچے اپنے گھروں سے باتلوں میں پانی ساتھ لینے پر مجبور ہیں ۔اسی طرح سکول میں ابھی تک بچوں کیلئے کھیل کا میدان بھی تعمیر نہیں ہے ۔والدین و علاقہ معززین نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہات میں قائم کردہ پرائمری سکولوں میں کی جانب توجہ ہی نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے بچوں کو شروع میں ہی بچوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں ہوتی جس کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سرکاری سکول میں بچوں کیلئے بنیادی سہولیات دستیاب رکھی جائیں تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔