یوم عاشورہ پر سرکاری انتظامات کا فقدان تھا:شیعہ فیڈریشن چالیسویں محرم کیلئے پیشگی انتظامات نہ کئے گئے تو احتجا ج ہوگا:عاشق خان

جموں// شیعہ فیڈریشن جموں کا کہنا ہے کہ شہر خاص جموں میں یوم ِ عاشورہ کے روز انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کا فقدان دیکھنے کو ملا جو باعث افسوس ہے ۔فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ جموں ریزیڈنسی روڈ پر واقعہ کربلا کمپلیکس جہاں محرم کے دوران عزادار ہر شام کو مجالس میں حصہ لیتے ہیں اور خصوصی طور پر محرم کے روز بھاری تعداد میں عزادار جن میں خواتین، نوجوان،بزرگ ذوالجناح کے جلوس کے ساتھ آتے ہیںاور دیر شام تک مجالس ہوتی ہیں ۔ گیٹ کے باہر صاف صفائی کا کوئی انتظام نہ کیا گیا،نالیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، گیٹ کا جنگلہ بھی ٹوٹا ہوا ہے، بجلی کا کوئی خاطر خواہ انتظام نہ تھا جس کی وجہ سے عزاداروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ خان نے افسوس کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا چونکہ انتظامیہ میں بیرون جموں و کشمیر کے افسران تعینات ہیں ہو سکتا ہے کہ اِن کو اِس بارے میں پوری جانکاری نہ ہو۔ خان نے کہا کہ انتظامیہ کے افسران اپنے منظور نظر افراد کو بلا کر فیڈریشن کو کمزور کرنے کی فراق میں لگے رہتے ہیں۔انتظامیہ کو اِس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کی سماجی و مذہبی جماعت ہے جس کی اپنی ایک شناخت و پہچان ہے جس کے کام کی دوسرے مذاہب کے لوگ سراہنا کرتے ہیں۔اِس لئے متعلقہ افسران کو بھی کسی بھی فیصلے سے پہلے سمجھداری کا ثبوت دینا چاہیے۔عاشق حسین خان نے انتظامیہ کو انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ کے بعدچالیسواں محرم ہے اگر اِس دن کیلئے بھی انتظامیہ نے بہتر انتظامات کرنے میں ناکام رہی تو شیعہ فیڈریشن اِس رویے کے خلاف احتجاج کرے گی۔اِس لئے انتظامیہ پر لازم ہے کہ وہ سست روی اور ڈھنگ ٹپائو پالیسی سے کو ترک کر کے چالیسویں محرم کیلئے فل پروف انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ عزاداروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔