گھبر گلیر نالے پر رابطہ پل کی تعمیر نہ ہو سکی | متعدد دیہات کی عوام کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا

سید زاہد
بدھل/ /کوٹرنکہ سب ڈویژن کے گھبر گلیر میں مقامی نالے پر رابطہ پل کی تعمیر نہ ہو سکی جس کی وجہ سے ملحقہ علاقہ کے متعدد دیہات کی عوام کو دریا عبور کرنے میں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ گزشتہ 10برسوں سے مذکورہ مقام پر رابطہ پل تعمیر کرنے کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں لیکن ابھی تک مقامی انتظامیہ کی جانب سے عوامی مشکل کی جانب دھیان نہیں دیاگیا ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ برسات کے موسم میں دریا کی طغیانی میں اضافہ ہوجاتا ہے جبکہ سرکاری و نجی سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو موسم سرما اور برسات میں دریا عبور کرنے میں کئی طرح کی دقتوں کا سامنا رہتا ہے ۔انہو ں نے بتایا کہ لوگوں نے ذاتی طورپر لکڑی کا عارضی پل لگا کر اپنی جان جوکھم میں ڈال کر دریا عبور کرنے پر مجبور ہیں ۔ گھبر پنچایت کے مکینوں کا کہنا ہے گلیر گاؤں کی عوام کو جوڑنے کیلئے مذکورہ مقام پر پل کی تعمیر انتہائی اہمیت کی حامل ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے اس معاملہ کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ مقام پر رابطہ پل تعمیر کروانے کیلئے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔