کھڑی مہو رابط سڑک پانچ روز سے بند  | پسیاں ہٹانے کاکام جاری ، آج بحالی کا امکان

محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کی تحصیل کھڑی کو جوڑنے والی کھڑی- مہو رابطہ سڑک شدید بارشوں کی وجہ سے کئی مقامات پر پسیاں گرآنے کے بعد بند ہوگئی ہے جس کی وجہ سے منڈکباس، کاونہ ، ترگام ، بزلہ ، باوا ، منگت ، اکھرن ، اڑمرگ اور مہو کی ہزاروں نفوس پر مشتمل ابادی منقطع ہو کر رہ گئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کھڑی۔ مہو سڑک پچھلے پانچ روز سے متعدد مقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گر انے کی وجہ سے ناقابل امدورفت ہوگئی ہے اور عام لوگوں بیماروں ، سکول و کالج جانے والے بچوں اور سرکاری ملازمین کو پیدل چل کر ہی اپنی اپنی منزلوں تک پہنچنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منڈکباس ریلوے ٹنل کے علاؤہ مہو سڑک کم از کم آدھ درجن مقامات پر ہے اور بحالی کا کام سست روی کا شکار ہے۔ انہوں نے کھڑی۔ مہو رابطہ سڑک کو جلد از جلد بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں تحصیلدار کھڑی امت اوپدھیائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کھڑی سے مہو تک سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے اور ہفتے کے روز ریلوے ٹنل سرن کے پاس گر آئے بھاری ملبے کو صاف کیا گیا ہے اور اس سے آگے سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا مشینیں کام پر لگی ہوئی ہیں اور امید ہے کہ اتوار کے روز اس سڑک کو مہو تک قابلِ آمدورفت بنایا جائیگا تاکہ مہو منگت کی عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔