کٹھوعہ میں کانگریس امیدوار چودھری لال سنگھ کیخلاف ایف آئی آر درج

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں// کانگریس امیدوار چودھری لال سنگھ کے خلاف دو دن قبل جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں پولیس پارٹی کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے الزام میں آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ایک افسر نے بتایا کہ سنگھ کے خلاف ایف آئی آر کٹھوعہ پولیس اسٹیشن میں منگل کو سب انسپکٹر سوارن سنگھ منہاس، انچارج پولیس چوکی انڈسٹریل اسٹیٹ کٹھوعہ کی تحریری شکایت کے بعد درج کی گئی۔انہوں نے کہا کہ آئی پی سی کی چار دفعات بشمول دفعہ 353 (حملہ یا مجرمانہ طاقت کے استعمال سے سرکاری ملازم کی ڈیوٹی میں رکاوٹ ڈالنا)، دفعہ 500 (ہتک عزت کی سزا)، دفعہ 504 (امن کی خلاف ورزی پر اکسانے کے ارادے سے جان بوجھ کر توہین اور دفعہ 506 (مجرمانہ دھمکی کی سزا)کو ایف آئی آر میں شامل کیا گیا۔اپنی شکایت میں، پولیس اہلکار نے کہا کہ وہ 16 اپریل کو کٹھوعہ کے کالی باڑی چوک میں دیگر اہلکاروں کے ساتھ انتخابی امیدوار کے روڈ شو کے دوران سرکاری ڈیوٹی انجام دے رہا تھا جب اس نے اس پر اور دیگر تعینات پولیس اہلکاروں کو “بدنام کرنے کے ارادے سے” چیخنا شروع کر دیا “۔اہلکار نے ایف آئی آر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا”اس نے جان بوجھ کر عوامی سطح پر ہماری توہین کی ہے، غیر پارلیمانی زبان استعمال کی ہے جس سے میری ساکھ اور پولیس کے ادارے کو نقصان پہنچا ہے۔ اس نے مجھے بدنام کیا، مجرمانہ طور پر ڈرایا، دھمکیاں دیں اور قانونی فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ پیدا کی۔ ، نے درخواست کی کہ اس سلسلے میں برائے مہربانی نوٹس لیا جائے ،” ۔اہلکار نے کہا کہ اس کے مطابق ایک کیس درج کیا گیا تھا اور سب انسپکٹر سدرشن کمار کو تفتیش سونپی گئی تھی۔