کلچر اکیڈمی نے سانبہ میں ’بھجن سندھیا‘ کا اہتمام کیا

عظمیٰ نیوز سروس

سانبہ//بھگوان پرشورام جینتی کی یاد میں، جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجزنے گرامین برہمن سبھا کے تعاون سے بھگوان پرشورام مندر، گھو برہامنا میں’بھجن سندھیا‘ کا انعقاد کیا۔ وجئے پورمیں منعقدہ پروگرام میںبڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی ۔پروگرام جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز، جموں کے اعلیٰ حکام کی سرپرستی اور تعاون کے تحت منعقد ہوا جس میں حکام نے ضلعی افسران کو مذہبی اور تاریخی مقامات پر اس قسم کی تقریبات منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سنجیو گپتا ایس ائو سی اے جموں وکشمیر کلچر اکیڈمی سب آفس، کٹھوعہ نے کہا کہ’’ یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی ثقافت کومذہبی مقامات تک لے جائیں۔ انہوں نے لوگوںکو مزید یقین دلایا کہ وہ جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگوئجز کے حکام سے درخواست کریں گے کہ آنے والے دنوں میں ضلع کٹھوعہ اور سانبہ کے دیگر بڑے مذہبی مقامات پر بھی اس طرح کے پروگرام منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے بھگوان پرشورام مندر، گھو برہامنا، وجئے پور کی ورکنگ کمیٹی کا بھی ان کی غیر مشروط حمایت کے لئے شکریہ ادا کیا۔پروگرام کا آغاز اجیت پال اینڈ پارٹی کے پرجوش گانے کے ساتھ کیا گیا جس کے بعد راج کمار اینڈ پارٹی، کلدیپ کمار اور پارٹی اور پرمجیت اینڈ پارٹی کی پیشکشیں پیش کی گئیں۔ پروگرام کا اختتام منجلا دیوی اینڈ پارٹی کی ایک روح پرور پریزنٹیشن کے ساتھ ہوا جس نے اپنی گلوکاری کی مہارت سے سامعین کو مسحور کر دیا۔تھورو رام نامی ایک مقامی نے جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگوئجز کی طرف سے بھجن کی شام کووجے پور میں لانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور ان کی تعریف کی۔