جموں میں جعلی امریکی ڈالرز برآمد، 5 کشمیری نوجوان گرفتار: پولیس

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// پولیس نے پیر کے روز جموں شہر کے مضافاتی سدھرا علاقے میں کشمیر کے 5 نوجوانوں کو جعلی امریکی ڈالر کے کرنسی نوٹوں کے ساتھ حراست میں لیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پانچ نوجوانوں کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ لوگوں کو سستے داموں جعلی امریکی ڈالر کے کرنسی نوٹ خریدنے کا جھانسہ دے رہے تھے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ سبھی کشمیر کے رہنے والے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے قبضے سے جعلی امریکی ڈالر کے پانچ بنڈل بھی برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ سپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کے اہلکاروں کے ساتھ ایک ٹیم جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گشت کر رہی تھی۔ پولیس ٹیم کو دیکھ کر سبھی مخالف سمت میں بھاگنے لگے لیکن شک کی بنیاد پر ان کا پیچھا کیا اور حراست میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان سے جعلی امریکی ڈالر کے کرنسی نوٹ برآمد ہوئے، انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے متعدد شکایات بھی موصول ہو رہی ہیں جس کے بعد پولیس پہلے سے ہی چوکس تھی۔
تاہم پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔