کشمیر سے کنیا کماری تک ترقی عیاں:وزیراعظم عرب کے ولی عہد سے حج کوٹہ بڑھانے کی درخواست

File Image

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر //وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں کے دوران بی جے پی حکومت نے سبھی مذاہب کے لوگوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا ہے اور ملک کی ترقی کو ایک جہت دی ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے مسلم بھائیوں اور بہنوںکیلئے بہت اہم فیصلہ لیا جس میں خاص طو ر پر سعودی شہزادے سے مسلمانوں کیلئے حج کوٹہ بڑھانے کی درخواست کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک ترقی عیاں ہے اور کسی کو اس بات میں کہنے کی ضرورت نہیںہے ۔ علی گڑھ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے مسلم بھائیوں اور بہنوں کیلئے بہت اہم فیصلہ لیا۔انہوں نے سعودی عرب کی طرف سے حج کوٹہ میں اضافے کا ذکر کیا اور کہا کہ ولی عہد سے ان کی درخواست پر حج کوٹہ بڑھایا گیا اور کہا کہ ویزا کے عمل کو بھی مسلمانوں کیلئے بغیر کسی رکاوٹ کے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’پہلے حج کوٹہ کم ہونے کی وجہ سے بہت لڑائی ہوتی تھی اور رشوت ستانی بھی ہوتی تھی اور صرف بااثر لوگوں کو حج پر جانے کا موقع ملتا تھا، میں نے سعودی عرب کے ولی عہد سے حج کی تعداد بڑھانے کی درخواست کی تھی۔ ہندوستان میں ہمارے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کیلئے کوٹہ آج نہ صرف ہندوستان کے حج کوٹہ میں اضافہ ہوا ہے بلکہ ویزا کے قوانین کو بھی آسان بنا دیا گیا ہے ‘‘۔مودی نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے ان ہزاروں بہنوں کے خواب بھی پورے کیے جو حج پر جانے کی خواہش مند تھیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ہماری مسلمان مائیں اور بہنیں اکیلے حج پر نہیں جا سکتی تھیں۔ حکومت نے خواتین کو بھی محرم کے بغیر حج پر جانے کی اجازت دی تھی اور مجھے ہزاروں بہنوں کی طرف سے مبارکباد دی جا رہی ہے جن کا حج پر جانے کا خواب پورا ہو گیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا ’’ملک بھر میں مودی کی گارنٹی ہے اور میں ان تمام ضمانتوں کو پورا کرنے کی گارنٹی دے رہا ہوں‘‘۔وزیر اعظم نے کہا ’’شمالی مشرق مودی کی ضمانت کا گواہ ہے کیونکہ کانگریس نے صرف اس خطے کو مسائل دئے تھے لیکن بی جے پی نے اسے امکانات کا ذریعہ بنا دیا ہے‘‘۔