کشتواڑ قصبہ میں جمع گندگی کے ڈھیر عوام کیلئے وبال جان بن گئے غلاظت کتوںکی آماجگاہ بن گئی،راہ چلتے شہری شکار بنے،20لہولہان

عاصف بٹ

کشتواڑ//قصبہ کشتواڑ و اسکے گردونواح میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آوارہ کتوں نے حملے کرکے بیس کے قریب افراد کو اپنا شکار بنایا ہے جس سے عوام میں کافی خوف پایاجارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق قصبہ کشتواڑ و اسکے گردونواح میں بدھ کی شام سے لگ بھگ بیس کے قریب افراد پر آوارہ کتوں نے حملہ کرکے انھیں شدید زخمی کردیا جنھیں علاج و معالجے کیلئے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیاکتوں کے سب سے زیادہ حملے باندرنہ و ملک مارکیٹ علاقے میں ہوئے ہیں جبکہ ریڈکراس کے ضلع جنرل سیکریٹری اصغر علی شیخ کو بھی آوارہ کتوں نے اپنانشانہ بنایا۔اصغر شیخ نے بتایا کہ جب وہ ملک مارکیٹ سے گزررہے تھے تو کتوں کی ٹولی نے ان پر حملہ کرکے انھیں شدید زخمی کردیا جسکے بعد انھیں ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکا علاج جاری ہے۔ ہسپتال کے عملے نے بتایا کہ انکے پاس انٹی ریبیز انجکشن کافی تعداد میں موجود ہیں اور سبھی زخمی افرادکو مکمل علاج میسر کیا جارہا ہے۔میونسپل کمیٹی کشتواڑکے ملازمین نے بتایا کہ آوارہ کو جہاں زہر دیاجاتاتھا لیکن سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد اس عمل کو بندکیا گیا ،اب انھیںآبادی سے باہر نکالنے کیلئے اقدام کئے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی آوارہ کتوں نے انسانوںپر حملہ کرکے انھیں شدید زخمی کیا تھا جس میں ا یک شخص کی موت بھی واقع ہوئی تھی لیکن اسکے باوجود انتظامیہ نے اس پر کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا۔سیاسی وسماجی کارکنان نے انتظامیہ سے فوری طور آوارہ کتوں کے خلاف کاروائی عمل میں لانے کو کہا ۔انھوں نے کہا کہ قصبہ میں عارضی صفائی ملازمین کی ہڑتال کے سبب ہر سو گندگی کے ڈھیر جمع ہیں جہاں آوارہ کتوں کی ٹولیاں جمع ہوتی ہیںاور انسانوں پر حملہ کرتے ہیں ،انتظامیہ کو جلد از جلد ان گندگی کے ڈھیروں کو صاف کرنا چاہئے تاکہ اسطرح کے حادثات پر روک لگ سکے۔