کسبلاڑی میں کئی رہائشی مکانات پسی کی زد میں | متاثر ہوئے لوگوں کی باز آبادکاری و حفاظتی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے کسبلاڑی علاقہ میں گزشتہ دنوں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے کئی رہائشی مکانات پسی کی زد میں آگئے ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مینڈھر سب ڈویژن میں گزشتہ دنوں ہوئی شدید بارش کے بعد ایک وسیع علاقہ پسی کی شکل اختیار کرنا شروع ہوگیا ہے تاہم اب اس کی زد میںکئی رہائشی مکانات کے آنے کا خطرہ لائق ہو گیا ہے ۔دوسری جانب تحصیل انتظامیہ منکوٹ نے موقعہ پر جائزہ لے کر ایک رہائشی مکان کو خالی کروادیا ہے تاہم مقامی لوگوں نے بتایا کہ دیگر رہائشی مکانات بھی پسی کی زد میں آسکتے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ پسی آنے کی وجہ سے کئی کنبے متاثر ہوئے ہیں تاہم کچھ متاثرین کھلے عام زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مقامی نمبر دار محمد رزاق نے تحصیل و ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وسیع پسی کو روکنے کیلئے حفاظتی بندوبست بالخصوص حفاظتی باندھ تعمیر کروائے جائیں تاکہ لوگوں کی رہائشی کو بچایاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ اگر حالات ایسے ہی رہے تو کئی رہائشی مکانات کو خطرہ لائق ہو سکتا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کو موقعہ پر بھیج کر صورتحال کا جائزہ لینے کیساتھ ساتھ احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں اور متاثرین کی باز آباد کاری کے سلسلہ میں عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔