ڈی ڈی سی ممبر کی قیادت میں احتجاج مینڈھر میں کھولی گئی شراب کی دکان بند کرنے کا مطالبہ

جاوید اقبال

مینڈھر//مینڈھر کے مقامی لوگوں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر شراب کی دکان کھولنے جانے کیخلاف احتجاج و دھرنا دیا ۔ضلع ترقیاتی کونسل رکن مینڈھر کی قیادت میں مقامی لوگوں و سیول سوسائٹی کے اراکین نے مانگ کرتے ہو ئے کہاکہ مینڈھر میں کھولی گئی دکان کو جلدازجلد بند کیا جائے ۔ڈی ڈی سی ممبر جو کہ بھاجپا سے بھی منسلک ہیں ،نے کہاکہ شراب کی دکان کھولے جانے کے بعد مقامی سطح پر نوجوانوں کا مستقبل خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔سول سوسائٹی کے ارکان سمیت مظاہرین اس نئی دکان کے سامنے جمع ہوئے اور دکان بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگاتے ہوئے دھرنے پر بیٹھ گئے۔

 

 

ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں چلائی جانے والی شراب کی دکان کو چند سال قبل عوامی تحریک کے بعد بند کر دیا گیا تھا کیونکہ یہاں ہر کوئی لوگوں خصوصاً نوجوانوں میں شراب نوشی کے پھیلاؤ کے خلاف ہے۔اب علاقے میں شراب کی ایک نئی دکان کھل گئی ہے جس کو بند کروانے کیلئے انہوں نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے ۔دھرنے پر بیٹھے مظاہرین نے اس شراب کی دکان کو علاقے کی سماجی اقدار کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے اسے مستقل طور پر بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔بعد ازاں تحصیلدار مینڈھر اور ایس ڈی پی او سمیت دیگر حکام نے مظاہرین سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ ان کے مطالبات اعلیٰ حکام کے سامنے رکھے گئے ہیں اور دوبارہ رابطہ قائم کیا جائے گا۔اس دوران پنچایتی اراکین کیساتھ ساتھ معززین موجود تھے جبکہ دو گھنٹوں تک جاری رہا ۔ حکام کی یقین دہانی پر احتجاجی دھرنا ختم کر دیا گیا۔