وادی بھر میںموسلاھار بارشیں قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ، مغل روڑ، گریز اور سنتھن سڑکیں بند

SRINAGAR,APR 19 (UNI):-Rain lashes plains in Kashmir on Friday.UNI PHOTO-67U

  کوکر ناگ میںمٹی کا تودا گرا،مکان تباہ، خاتون لقمۂ اجل

سرینگر//وادی کشمیر اور خطہ چناب میں جمعہ کو دوسرے روز بھی موسلادھار بارشیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں جمعہ کی صبح ساڑھے آٹھ بجے تک 6.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ قاضی گنڈ میں 2.7 اور کپوارہ میں 18.7 ، گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب 28.2 اور 19.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ جمعہ کی سہ پہر چار بجے کے بعد رات گئے تھے موسلادھار بارشیں جاری رہیں۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 20 اپریل کو بھی کہیں کہیں ہلکی بارشیں متوقع ہیں جس کے بعد 21 سے 25 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وادی میں 26 سے 28 اپریل تک کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے۔محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 20 اپریل کے بعد کھیت کھلیانوں اور باغوں میں اپنے آپریشنز چلا سکتے ہیں۔ادھرجموں سرینگر قومی شاہراہ پر گنگرو علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد حکام نے جمعہ کو ٹریفک کی آمد و رفت2 بار روک دی۔ جمعرات کی شام رام بن اور بانہال کے درمیان گنگرو رامسوکے مقام پر پسیاں، پتھر اور ملبہ گرنے سے شاہراہ کو بند کردیا گیاتھا۔جمعہ کو شاہراہ پر گرے پتھر اور پسیاں ہٹانے کا کام شروع کیا گیا اور شاہراہ کو کئی گھنٹوں کے بعد جزوی طور بحال کیا گیا۔ٹریفک پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ قومی شاہراہ پر ناشری اور بانہال سیکٹر کے درمیان درماندہ گاڑیوں کو نکالا گیا۔ڈرائیوروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ رام بن اور بانہال کے درمیان پتھر گرنے کے خدشات موجود ہیں لہٰذا وہ احتیاط سے سفر کریں۔اس دوران بانہال سیکٹر میں مسلسل بارش کی وجہ سے سہ پہر بعد مہاڑ،کشتواڑی پتھر اور گنگرو رام سو کے مقامات پر ایک بار پھر پسیاں، ملبہ اور بھاری پتھر گر آئے جس کے فوراً بعد شاہراہ کو دوبارہ بند کردیا گیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق کرگل سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت چل رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغل روڑ اور گریز شاہرائیں بند ہیں۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ گذشتہ 48گھنٹوں کے دوران پیر کی گلی میں 8انچ،سنتھن ٹاپ پر 10انچ،رازدان پاس گریز میں قریب ایک فٹ،زوجیلا میں 6انچ،سادھنا ٹاپ پر 10انچ اور مژھل میں 7سے 8انچ تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ادھرضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے میں جمعہ کو مٹی کے تودے گرنے سے ایک خاتون کی موت ہو گئی۔ تکیہ ماگام، کوکرناگ میں مسلسل بارش کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے سے عبدالحمید ولد عبدالرحمان آہنگر کے کوٹھے کو شدید نقصان پہنچا۔پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ میں ان کی اہلیہ 50سالہ سلیمہ بیگم ملبے کے نیچے آکر بری طرح زخمی ہوگئیں جنہیں علاج و معالجہ کے لیے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ حکام نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔