نیشنل کانفرنس ہمیشہ عوام کی امنگوں پر کھری اتری :اعجاز جان پارٹی ورکران پرآئندہ انتخابات میں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شریک کرانے پر زور

 عظمیٰ نیوزسروس

منڈی //جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے یوتھ ونگ کے صوبائی صدر اعجاز جان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ عوام کی امنگوں پر کھری اتری ہے۔ انہوں نے موجودہ مرکزی سرکار کے تحت جموں و کشمیر کے عام لوگوں کو درپیش مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگ اس ترقی یافتہ دور میں بھی بنیاد سہولیات سے محروم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار موصوف نے ضلع پونچھ کی تحصیل صدر مقام منڈی میں پارٹی کارکنوں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو لوگوں کی تکالیف کی کوئی بھی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے بے روزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری کی زندگی گزار رہے ہیں اور ان کا کوئی بھی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ منڈی تحصیل کے ہر کونے اور تمام لوگوں کے ساتھ جڑیں تاکہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں اننت ناگ پونچھ راجوری حلقہ سے نیشنل کانفرنس کے امید وار بہتر مارجن سے کامیاب ہوں ۔انہوں نے ورکران سے کہا کہ وہ پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں میں اور اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی کی پوزیشن کوبہتر طریقے سے مضبوط کریں۔ اعجاز جان نے پارٹی کیڈر پر زور دیا کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ عوامی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے تندہی سے کام کریں ۔انہوں نے اس موقع پر ضلع پونچھ کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں باہر آئیں اور ووٹنگ کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے ضلع پونچھ کے تمام لوگوں سے نیشنل کانفرنس کے امید وار میاں الطاف کے حق میں اپنا ووٹ ڈال کر جموں وکشمیر کو بہتر مستقل کی راہ پر گامزن کرنے پر زور دیا۔