مینڈھر ۔چھترال رابطہ سڑک خستہ حال | ملازمین و طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھرسب ڈویژن میں چھترا ل اور ملحقہ دیہات کو سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر سے جوڑنے والی رابطہ سڑک خستہ حال ہو نے کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ ملازمین اور طلباء کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں میں ہوئی طوفانی بارش کی وجہ سے رابطہ سڑک کی چھترال کے مقام سے ایک پلی تباہ ہو گئی تھی تاہم اس کی مرمت کیلئے متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہر گزرتے روز کوئی نہ کوئی گاڑی مذکورہ پلی سے گزرتے ہوئے پھنس جاتی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو کئی کلو میٹر تک کا پیدل سفرکرنا پڑتا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ علاقہ میں جانے والی مینڈھر تاپٹھانہ تیر رابطہ سڑک بھی سلواہ علاقہ سے تباہ ہوئی ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ متعدد دیہات کو آپسی میں جوڑنے والی رابطہ سڑ ک کو قابل آمد ورفت بنانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایاجارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ چھترال رابطہ سڑک کی پلی کو ٹھیک کیا جائے تاکہ ملازمین و طلباء کی دقتیں کم ہو سکیں ۔