مینڈھر ۔بھمبر گلی سڑک عام لوگوں و سکولی بچوں کیلئے پریشانی کا باعث سڑک سے اٹھنے والی دھول سے ہائرسکینڈری دھار گلون کے طلباء متاثر 

جاوید اقبال 

مینڈھر //مینڈھرتا بھمبر گلی سڑک کی خستہ حالی جہاں عام شہریوں و مسافروں کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے وہائیں حدمتارکہ کے نزدیکی علاقہ دھار گلون میں قائم کردہ گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول دھار گلون میں بھی اب پڑھائی کا عمل متاثر ہونا شروع ہو گیا ہے ۔سکول میں زیر تعلیم بچوں نے محکمہ گریف اور ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان کا سکول سڑک کے عین کنارے پر قائم ہے تاہم کھڈوں میں تبدیل ہو ئی سڑک سے اٹھنے والی مٹی اور دھول اب سکول میں بھی داخل ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کلاسوں میں رکھا گیا ساز و سامان خراب ہونے کیساتھ ساتھ بچوں کی وردیاں اور کتابیں بھی متاثر ہورہے ہیں ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اگر کچھ عرصہ تک مذکورہ صورتحال یوں ہی جاری رہی تو دھار گلون ہائر سکینڈری میں زیر تعلیم بچے سانس کی مختلف بیماریوں میں بھی مبتلا ہو سکتے ہیں ۔غور طلب ہے کہ گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول کی حفاظتی دیوار مینڈھر ۔بھمبر گلی سڑک کے کنار ے پر تعمیر ہے جبکہ سکول کی عمارت بھی سڑک کے سڑک سے محض 20میٹرسے بھی کم کی دور پر تعمیر ہے جبکہ مذکورہ رابطہ سڑک گزشتہ کئی برسوں سے کھڈوں میں تبدیل ہے جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں کناروں کے قریب رہائش پذیر عام لوگوں کیساتھ ساتھ سکول میں زیر تعلیم بچے اور سٹاف ممبران بھی متاثر ہیں ۔سکول میں زیر تعلیم بچوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ لاپرواہی کا نوٹس لے کر محکمہ گریف کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سڑک کو ٹھیک کر کے طلباء کی پریشانی ختم کی جاسکے ۔

 

 سڑک محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے حوالے کرنے کا مطالبہ 

جاوید اقبال

مینڈھر // سابقہ ایم ایل سی چوہدری رحیم داد نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بھمبر گلی تا بلنوئی سڑک کو جلداز جلد محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے حوالے کیا جائے تاکہ برسوں سے چلی آرہی مشکل کو حل کیا جاسکے ۔جاری ایک بیان میں موصوف نے محکمہ گریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ نے گزشتہ کئی دہائیوں سے عوام کو پریشان کیا ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر تحت پروجیکٹ کی منظوری کیساتھ ہی گریف محکمہ نے دوبارہ سے کام شروع کر کے پروجیکٹ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ گریف کے اس کے بعد لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے صرف 4کلو میٹر علاقہ میں تار کول بچھائی جبکہ اس کے بعد کام ہی بند کردیا اور اب صرف نالیوں کا کام کیاجارہا ہے ۔چوہدری رحیم داد نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ گریف سرکاری فنڈز کو ضائع کررہا ہے ۔انہوں نے حکومت سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس رابطہ سڑک کو جلدازجلد محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے حوالے کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو بہتر سڑک مل سکے ۔