مینڈھر بس سٹینڈکے پسنجر شیڈ پر لوگوں کا قبضہ مسافروں کیلئے جگہ دستیاب نہیں ،حکام خاموش

جاوید اقبال

مینڈھر //مینڈھر بس سٹینڈ پر محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے تعمیر کیا گیا پسنجر شیڈ انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے جبکہ اس پر کچھ لوگوں نے قبضہ کر کے اس میں ساز و سامان بھی رکھا ہوا ہے جس کی وجہ سے مختلف علاقوں کے مسافروں کو گاڑیوں کا انتظار کھلے عام کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ تک مذکورہ شیڈ کو لوگوں نے ٹائلٹ کمپلیکس بنایا ہوا تھا جبکہ اس میں کچھ لوگوں نے غیر قانونی طریقہ سے قبضہ کر کے ساز و سامان بھی رکھا ہوا ہے ۔انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے شیڈ لوگوں بالخصوص دور دراز علاقوں کے مسافروں کیلئے سود مند ثابت ہی نہیں ہوا ۔انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں روپے خرچ کر کے شیڈ تعمیر کرنے کے بعد محکمہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیںدیا گیا جس کی وجہ سے اب مذکورہ شیڈ منہدم ہونے کی دہلیز تک پہنچا چکا ہے ۔مقامی لوگوں نے ایس ڈی ایم مینڈھر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ شیڈ سے ناجائز قبضہ ہٹا کر اس کو مسافروں کیلئے دوبارہ سے تیار کروایا جائے تاکہ وہ مشکل وقت کے دوران اس کو استعمال کرسکیں ۔