میدانہ تا سیڑھی سڑک کا نظام مفلوج پیر عطر شاہ کے آستانہ عالیہ پر جانے والے عقید ت مند پریشان

حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کی میدانہ تا سیڑھی سڑک کی خستہ حالی سے مکینوں کو بے حد مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مذکورہ سڑک سے روحانی پیشوا پیر عطر شاہ کی زیارت عالیہ پر ہر روز جانے والے ہزاروں عقیدت مندوں کو بھی اس سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔واضح رہے کہ کافی عرصہ سے مرمت نہ ہونے کے سبب سڑک خستہ حالی کا شکار ہوگئی ہے جب کے حالیہ بارشوں کے دوران مختلف مقامات پر پسیاں گرنے اور زمین کی کھسکنے کی وجہ سے بھی سڑک کو ازحد نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔سائیں عطر شاہ کے خاندان سے تعلق رکھنے والے پیر تاویل شاہ کا کہنا ہے کہ جہاں بارش کے موسم میں سڑک پر بنے گڈھوں میں پانی اور کیچڑ جمع ہونے سے عبور میں پریشانیاں ہورہی ہیں، وہیں خشک موسم میں گردوغبار کی وجہ سانس لینا دشوار ہو جاتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی سے وہاں چلنے والی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے اور کسی بھی ایمرجنسی کے دوران بیمار کو ہسپتال لے جانے میں عوام پریشان ہوتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ دیگر مختلف علاقوں کی رابطہ سڑکوں کو میگڈامائز کیا گیا تاہم ان کے علاقہ کی رابطہ سڑک کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مذکورہ رابطہ سڑک کی مرمت اور میگڈم بچھانے کا مطالبہ کیا۔