ملک مخالف سرگرمیوں کے ارتکاب کا الزام  | ڈوڈہ میں2جنگجو معاونین سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بند

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پولیس نے مخالف سرگرمیوں میں ملوث دو بالائی ورکروں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بند کیا ہے۔ضلع پولیس ڈوڈہ کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ابتدائی تفتیش کی بنیاد پر دو او جی ڈبلیو ثاقب حسین میر ولد محب حسین میر ساکنہ بنولہ تحصیل چرالہ و عادل اقبال بٹ ولد محمد اقبال بٹ ساکنہ سازان تحصیل بھاگواہ ایک مقامی ملی ٹینٹ محمد امین عرف خوبیب کے کہنے پر ڈوڈہ ضلع میں عسکریت پسندی کو بحال کرنے کے لئے دہشت گردی کا ماڈیول چلاتے ہوئے پائے گئے۔پولیس کے مطابق محمد امین عرف خبیب ولد داؤد بٹ ساکنہ کاٹھاوا پھگسو ٹھاٹھری نوے کی دہائی میں عسکریت پسندی میں شمولیت اختیار کی اور ہتھیاروں کی تربیت حاصل کرنے کے لئے سرحد پار کی اور اسوقت بھی پاکستان سے کام کر رہا ہے اور ڈوڈہ ضلع کے نوجوانوں کو اکسا کر دوبارہ ملی ٹینسی کی سرگرمیاں شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔پولیس نے کہا کہ ثاقب حسین میر ولد محب حسین میر ساکنہ بنولہ چرالہ پاکستان میں مقیم مقامی ملی ٹینٹ محمد امین عرف خبیب کے کہنے پر نوجوانوں کو مسلسل عسکریت پسندی میں شامل ہونے پر اکسا رہا تھا اور عادل اقبال بٹ ولد محمد اقبال بٹ ساکنہ سازان تحصیل بھاگواہ بھی نوجوانوں کو عسکریت پسندی میں شامل ہونے پر آمادہ کر رہا تھا اور اسے بھی ٹھاٹھری کے علاقے میں اسلحہ گولہ بارود اور مجرمانہ مواد کے ساتھ پکڑا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ان کے خلاف پولیس اسٹیشن ٹھاٹھری میں ایف آئی آر بھی درج کیا گیا ہے۔پولیس نے مزید کہا کہ ان کی سرگرمیاں مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی سلامتی کے لیے انتہائی نقصان دہ اور متعصبانہ تھیں اور اس لیے پولیس کے ڈوزیئر پر عمل کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ نے دونوں او جی ڈبلیو کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لینے کا حکم دیا تاکہ انہیں کسی بھی طرح سے متعصبانہ کام کرنے سے روکا جا سکے۔