مفت سہولیات کی حوصلہ شکنی کی جائے: وینکیانائیڈو

یواین آئی

نئی دہلی// سابق نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ دل بدل قانون کو سخت بنایا جانا چاہئے اور مفت سہولیات کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے۔منگل کو یہاں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ عوامی زندگی میں اخلاقیات کی اہمیت کم ہو رہی ہے یہ تشویشناک بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو انتخابی وعدوں کے دوران مفت سہولیات اور سامان دینے کے وعدوں سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب سیاسی جماعتیں مفت سہولیات اور اشیاء فراہم کرنے کا وعدہ کرتی ہیں تو انہیں ان کو جمع کرنے کے وسائل کی تفصیلات بھی دینی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو لیڈروں سے بھی سوال کرنا چاہئے کہ اس کے لئے وسائل کہاں سے آئیں گے؟ نائیڈو کو پدم ویبھوشن کے اعزاز سے نوازے جانے کی یاد میں اس اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ نائیڈو نے سیاست دانوں کے ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دل بدل کو سخت بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک غلط سیاسی پریکٹس ہے جسے روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے حریفوں کے لیے ناشائستہ زبان استعمال کرنے والے سیاستدانوں کو مسترد کردینا چاہئے۔سابق نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عوامی زندگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔