مغل شاہراہ پر ٹریفک بحال کر دی گئی

سمت بھارگو
راجوری//مغل روڈ پر ڈوگراں کے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے اتوار کی شام سے چوبیس گھنٹے تک گاڑیوں کی آمدورفت متاثر رہی اور لوگوں کی بڑی تعداد سڑک کے بند ہونے کی وجہ سے متاثر رہی ۔عہدیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مغل روڈ پر ڈوگراں کے مقام پر ایک زبردست لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کی وجہ سے سڑک بند ہوگئی اور اس پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ سڑک اتوار کی شام سے بند رہی جبکہ سلائیڈ کلیئرنس کا کام پیر کی صبح شروع کیا گیااور کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ان کا کہنا تھا کہ پیر کی شام تقریباً 7 بجے سڑک کو ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا ہے اور پھنسی ہوئی گاڑیوں کونکل لیا گیا ۔ڈپٹی ایس پی سرنکوٹ تنویر جیلانی نے بتایا کہ اتوار کی شام سڑک بند ہوگئی جس کے بعد متعلقہ محکمے نے سلائیڈ کو کلیئر کردیا اور سلائیڈ کلیئرنس کا کام پیر کی شام ختم ہوا۔انہوں نے بتایا کہ تقریباً 22 گھنٹے بعد سڑک ٹریفک کے لئے بحال ہوگئی۔انہوں نے مزید کہا کہ سڑک پر کئی گاڑیاں پھنسی ہوئی تھیں جنہیں اب نکالا جارہا ہے ۔