مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال 2روزہ دورے پر آج راجوری پہنچیں گے

سمت بھارگو

راجوری//مرکزی وزیر وزیر قانون و انصاف (آزادانہ چارج)، پارلیمانی امور اور ثقافت ارجن رام میگھوال سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ کا دو روزہ آج سے شروع کریں گے جہاں وہ عوام کے ساتھ متعدد میٹنگوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔وزیر کا دورہ مہا جن سمپرک ابھیان کی مناسبت سے طے شدہ ہے جس کا مقصد وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال اس علاقے میں لوک سبھا پرواس یوجنا کی سربراہی بھی کر رہے ہیں جو کہ حکومت کی ایک پہل ہے جس کے تحت کسی وزیر یا سینئر بی جے پی لیڈر کو لوک سبھا حلقہ یا لوک سبھا حلقوں کے کلسٹر کے انچارج کے طور پر نامزد کیا جاتا ہے۔

 

 

اس مہم کے تحت نامزد علاقوں کا دورہ ،جلسے ،عوامی مطالبات، امنگوں پر تفصیلی رپورٹ پیش کی جاتی ہے تاکہ علاقے کے لئے خصوصی منصوبے اور ترقیاتی منصوبے منظور کئے جائیں۔انہوں نے چند ماہ قبل راجوری اور پونچھ کا بھی دورہ کیا اور مقامی سول سوسائٹی کے ارکان اور بی جے پی کیڈر کے ساتھ میٹنگ کرکے عوامی مسائل اور مطالبات سنے۔دریں اثنا، جمعہ کو مرکزی وزیر اس سرحدی علاقے کا دورہ کرنے والے ہیں اور مہا جن سمپرک ابھیان کے تحت اپنے دو روزہ دورے پر پہنچیں گے تاکہ گزشتہ نو سالوں میں مرکزی حکومت کی کامیابیوں کو اجاگر کیا جا سکے۔بی جے پی کے ضلع صدر دنیش شرما نے کہا کہ جمعہ کو راجوری پہنچنے کے بعد مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال راجوری ڈاک بنگلہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے جس کے بعد وہ تھانہ منڈی کی طرف روانہ ہوں گے اور لاہ میں مختلف اسکیموں کے استفادہ کنندگان کے ساتھ ایک میٹنگ سے خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ پونچھ چلے جائیں گے اور وہاں عوامی جلسوں سے بھی خطاب کریں گے۔بی جے پی صدر نے وزیر کے دورے کو سرحدی علاقے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔