لوہیل بیلا کے رہائشی بشیر احمد کے دونوں بیٹے بیماری میں مبتلا علاج کیلئے لاکھوں روپے درکار ،عوام سے معاونت کی اپیل

 

منڈی // منڈی تحصیل کی پنچایت لوہیل بیلا کے رہائشی بشیر احمد کے دونوں بیٹے بیماری میں مبتلا ہو کر معذور ہوتے جارہے ہیں تاہم اہل خانہ نے انتہائی غریبی کے باوجود لاکھوں روپے علاج معالجہ پر خرچ کر دئیے ہیں تاہم اب دونوں بیٹوں کے علاج معالجہ کیلئے رقم درکار ہے ۔عرفان اور رضوان نامی دونوں بیٹوں کے لاچار والد بشیر احمد نے بتایا کہ اس کے بڑے بیٹے کی عمر 13برس ہے جبکہ وہ تیسری جماعت تک ہی اپنی تعلیم جاری رکھ سکا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ آج تک وہ اپنے بیٹے کے علاج پر 24لاکھ روپے خرچ کر چکا ہے تاہم اس دوران اس کا چھوٹا بیٹا بھی مذکورہ بیماری میں مبتلا ہو گیا ہے ۔بشیر احمد نے بتایا کہ اس کا چھوٹا بیٹا جو اس وقت پانچ برس کا ہے وہ دو برس قبل ہی بیماری میں مبتلا ہو گیا تھا ۔بے بس والد نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹوں کے علاج معالجہ کیلئے ملک کے کونے کونے میں دربدر کی ٹھوکریں کھاتارہاہے لیکن ابھی تک دونوں بیٹوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ چندی گڑھ کے ایک ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ بیٹے کو 40فیصد بیماری نے پکڑا ہے جبکہ اس کا علاج ممکن بھی ہے تاہم اب اس کے علاج معالجہ کیلئے ان کے پاس پیسے نہیں ہیں ۔مزدوری پیشہ والد نے بتایا کہ اس نے بیٹوں کے علاج معالجہ کیلئے اپنی زمین بھی فروخت کر دی ہے ۔اہل خانہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان معصوم بچوں کے علاج معالجہ کیلئے مالی معاونت کریں ۔