لوک سبھا اِنتخابات ۔2024ء کے انتظامات بارہمولہ،شوپیان اور کپوارہ اضلاع کے چنائو افسروں نے جائزہ لیا

 عظمیٰ نیوزسروس

بارہمولہ//لوک سبھاانتخابات کے احسن انعقاد کیلئے بارہ مولہ، شوپیان اور کپوارہ اضلاع کے ضلع چنائوافسروں نے پولنگ مراکز کاجائزہ لینے کے علاوہ نیم فوجی دستوں کیلئے قیام وطعام سہولیات اور انتخابی اخراجات کی نگرانی اور دیگر انتظامات کاجائزہ لیا۔ضلع چنائو افسربارہمولہ مِنگا شیرپا نے لوک سبھا اِنتخابات کے پیش نظر سب ڈویژن اوڑی کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا جامع معائینہ کیا۔اس دورے کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ تمام پولنگ سٹیشنوں میںالیکشن کمیشن کے رہنما خطوط کے مطابق کم سے کم سہولیات (اے ایم ایف) کی یقین دہانی کی جائے۔ ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے رائے دہندگان کے لئے بغیر کسی رُکاوٹ اور مؤثر ووٹنگ کے تجربے کو یقینی بنانے کے لئے ہر مقام پر بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کا مکمل جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈی ای او نے سرحدی دیہاتوں میں متعدد پولنگ سٹیشنوں کا معائینہ کیا اور مختلف ضروری پہلوؤں جیسے ریمپ کی دستیابی، صفائی ستھرائی کی سہولیات، پینے کے پانی کی فراہمی اور بجلی کی فراہمی کا جامع جائزہ لیا۔دریں اثنا، مِنگ شیرپا نے تیاریوں میں شامل تمام شراکت داروں کی لگن اور کوششوں کو سراہا اور اِنتخابی عمل کی کامیابی کی ضمانت کے لئے مسلسل تعاون پر زور دیا۔مزید برآں، ڈی اِی او نے اوڑی میں ڈسٹری بیوشن سینٹر کا دورہ کیا اور اِنتظامات کا جائزہ لیا جہاں لوک سبھا اِنتخابات کے دوران اسمبلی حلقہ کے اِنفرادی پولنگ سٹیشنوں میں اِنتخابی جماعتوں اور اِنتخابی مواد تقسیم کیا جائے گا۔دورے کے دوران ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے ہمراہ اے آر او 9۔اوڑی حلقہ جاوید احمد راتھر اور دیگر افسران بھی تھے۔اننت ناگ راجوری پارلیمانی حلقہ کے الیکشن ایکسپنڈیچر اوبزرور شیام منوہر سنگھ نے شوپیاں کا دورہ کیا اور زینہ پورہ اسمبلی حلقہ میں اخراجات کی نگرانی اور دیگر اِنتخابی تیاریوں پر نوڈل افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر (ڈی ای او) شوپیان فیض الحسیب نے اِنتخابی مبصر کو اخراجات کی نگرانی کرنے والی ٹیموں جیسے فلائنگ سکارڈ، سٹیٹک سرویلنس ٹیموں، ڈسٹرکٹ الیکشن کنٹرول روم، سیاسی مہم کے لئے اجازت ناموں کی تفصیلات، ڈِسٹرکٹ الیکشن مینجمنٹ پلان، سویپ کی سرگرمیوں، سیکورٹی اور دیگر متعلقہ اِنتخابی امور کے بارے میں آگاہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور حلقے کے اُمیدواروں کے اخراجات کی نگرانی کے سلسلے میں اِنتخابی مہم پر نظر رکھنے کے لئے ٹیمیں پہلے ہی زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں اور آزادانہ اور منصفانہ انداز میں اِنتخابات کے پُرامن اِنعقاد کے لئے تمام اِنتظامات مکمل ہیں۔ ایکسپنڈیچر مانیٹرینگ کے نوڈل افسر نے اخراجات کی نگرانی کے نظام اور پارٹی کے لحاظ سے اخراجات کی بکنگ کی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کپواڑہ آیوشی سوڈان نے ضلع میں آئندہ لوک سبھا اِنتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اِی آر اوز اور دیگر اَفسران کی ایک میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں ضلع کپواڑہ میں لوک سبھا اِنتخابات کے لئے تعینات پیرا ملٹری سیکورٹی فورسز کی رہائش کے لئے کیمپنگ مقامات کے لئے پینے کے پانی ، بجلی اور بیت الخلاء کی سہولیات کی دستیابی سمیت تیاریوں کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اِس موقعہ پر ڈی ای او نے ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈی ڈی اور ایگزیکٹیو انجینئر پی ایچ ای کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ اے آر اوز کی مشاورت سے تمام کیمپنگ مقامات اور عمارتوں کو ضرورت کے مطابق بجلی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے بجلی اور پانی کی فراہمی کے کنکشن فراہم کرنے اور تمام شناخت شدہ مقامات پر ضرورت کے مطابق ان میں ضروری توسیع کے لئے 23 ؍اپریل کی ڈیڈ لائن مقرر کی۔