پولیس غیر جانبدار رہے دھڑا دھڑ گرفتاریوں کا کوئی جواز نہیں:الطاف بخاری

 مشتاق الاسلام

پلوامہ// اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ این سی اور پی ڈی پی دونوں جماعتوں کے لیڈران خاندانی راج کو دوام بخشنا چاہتے ہیں۔ تاہم عوام اب مزید استحصال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ شوپیان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہا کہ سالہا سال سے روایتی جماعتیں بالخصوص خاندانی جماعتیں جموں کشمیر کو راج واڑوں کی طرح تقسیم کر کے یہاں کے لوگوں پر حکومت کرتی آئی ہیں۔ دونوں خاندانی پارٹیاں مل بانٹ کر اقتدار کے مزے لوٹنے پر متفق رہی ہیں، لیکن اب حالات بدل چکے ہیں، وہ اپنے فریب اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے لوگوں کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے، ان کا دور ختم ہو چکا ہے اور لوگ اپنے ووٹ کی طاقت سے دونوں سیاسی خاندانوں کو مسترد کر دیں گے۔پہلے، وہ رائے شماری، اٹانومی، اور سیلف رول جیسے وعدوں کے ذریعے ووٹ بٹورتے رہے۔ اب یہ وعدے ماضی کی باتیں ہو کر رہ گئی ہیں اور ان پر اب کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں ہوگا اور دفعہ 370 بھی ختم ہوچکا ہے، آپ ان کے گمراہ کن وعدوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور ملازمین سیاسی عمل دخل سے دور رہیں۔انہوں نے کہا کہ دھڑا دھڑ گرفتاریوں سے لوگ متنفر ہورہے ہیں۔ بخاری نے وحید رحمان پرہ پر نشانہ سا دھتے ہوئے کہا کہ ان کا باورچی جیل میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بند ہے اور وہ خود الیکشن میں حصہ لیکر آزاد گھوم رہا ہے۔