عسکری فنڈنگ معاملے میں ایس آئی کی تحقیقات تیز | پونچھ کے کئی علاقوں میںچھاپے اور تلاشیاں ، قابل اعتراض مواد ضبط

جموں//عسکری فنڈنگ معاملے میں سٹیٹ تحقیقاتی ایجنسی ( ایس آئی اے ) نے تحقیقاتی عمل تیز کرتے ہوئے جموں کے پونچھ ضلع میں چھاپے مار کاروائیاں انجام دیں ۔تفصیلات کے مطابق،ایس آئی اے کی ٹیموں نے پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر پونچھ ضلع کے مختلف علاقوں ،دھراٹی، تحصیل بالاکوٹ، گاؤں کنوئیاں تحصیل حویلی پونچھ اور گاؤں جھلاس، تحصیل حویلی میںپولیس تھانہ ایس آئی اے / جے آئی سی میں عسکری فنڈنگ معاملے میں درج ایف آئی آر نمبر 02/2022 کے سلسلے میں بیک وقت تلاشی لی اور چھاپے مارکاروائیاں انجام دیں۔

چھاپوں کا مقصد عسکری نیٹ ورک کو توڑنا، ان کے مالیات اور اثاثے بنانے اور عسکری نظام میں مزید استعمال کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے میں استعمال ہونے والی عسکری فنڈنگ سے حاصل ہونے والی آمدنی کی چھان بین کرنا تھا۔یہ چھاپے ایس آئی اے جموں نے ضلع انتظامیہ اور ضلعی پولیس کی مدد سے عسکری روابط / مالی امداد کا پتہ لگانے کے مقصد سے مارے گئے تھے۔

واضح رہے کہ حکومت نے ایس آئی اے کی طرف سے کی جا رہی تحقیقات کا جائزہ لینے کے بعد عسکری نیٹ ورکس کا پردہ فاش کرنے اور جموں و کشمیر میں عسکریت کے ماحول کو توڑنے کے لیے تحقیقات کو تیز کرنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران چھاپہ مار پارٹیوں نے دستاویزات اور کچھ ڈیجیٹل آلات سمیت متعدد مجرمانہ مواد برآمد کیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی قومی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ایسے چھاپے مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔