صوبائی کمشنر نے جموں ضلع میں محکمہ مال کے کام کاج کا جائزہ لیا

عظمیٰ نیوز سروس

جموں//صوبائی کمشنر کمشنر جموں رمیش کمار نے ڈی سی آفس میں منعقدہ ایک میٹنگ میں محکمہ ریونیو کے کام کاج کا جائزہ لیا۔خدمات کی فراہمی کے طریقہ کار کا مکمل جائزہ لیتے ہوئے آفیسر موصوف نے انتظامی نظام میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے اہم کردار اور اس کے بے عیب کام کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہونے پر روشنی ڈالی۔صوبائی کمشنر نے ریونیو حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دائرہ اختیار کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کے لئے باقاعدہ فیلڈ وزٹ کریں۔ انہوں نے ریونیو آفیسرز کی حیثیت سے اپنے اپنے تحصیلوں میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انتہائی دیانتداری اور لگن کے ساتھ درست طرز عمل اور اختیارات کے استعمال پر مزید تاکید کی۔تحصیل وار کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے، انہوں نے آن لائن ریونیو سروسز کی فراہمی اور مقررہ وقت میں عوامی شکایات کے ازالے کے لئے ہدایت جاری کیں ۔ریونیو عدالتوں کے بارے میں صوبائی کمشنر نے مقدمات کو معیار اور وقت کے ساتھ نمٹانے کی ہدایت کی۔تحصیلداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے دفتر میں موصول ہونے والی شکایات اور تنازعات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے عوامی مسائل کو حساسیت، معروضیت اور خوبیوں کے ساتھ حل کرنے پر مزید زور دیا۔