صدر، نائب صدر، وزیراعظم اور دیگر کا بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت

یواین آئی

نئی دہلی// صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ ہند جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزراء کونسل کے مختلف اراکین، کئی اراکین پارلیمنٹ اور دیگر معززین نے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر جینتی پر اتوار کو خراج عقیدت پیش کیا۔صدر جمہوریہ ہند محترمہ مرمو نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں منعقدہ ایک تقریب میں بابا صاحب کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بھی اس موقع پر ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں منعقعد پروگرام میں ہندوستانی آئین کے معمار اور سماجی مصلح ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں کئی مرکزی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ، سابق ارکان پارلیمنٹ، کئی معززین اور سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد لوگ ان لوگوں میں شامل تھے۔لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، ارکان پارلیمنٹ اور سابق ارکان پارلیمنٹ نے سمویدھان سدن کے سنٹرل ہال میں منعقدہ ایک اور پروگرام میں ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل بالترتیب اتپل کمار سنگھ اور پی سی مودی نے بھی پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال میں ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے ایک ریلیز میں کہا گیا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے ہندوستان کے سماجی اور سیاسی منظر نامے پر گہرا اثر ڈالا۔ ڈاکٹر امبیڈکر، جو اپنے وقت میں سماجی انصاف کے مضبوط ترجمان کے طور پر مشہور ہیں، ہندوستانی معاشرے میں اہم اور متنوع شراکت کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ان کا سب سے قابل ذکر خدمت ہندوستانی آئین کی ڈرافٹنگ کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر ان کا کردار ہے، جہاں انہوں نے دستور ساز اسمبلی میں مباحثوں کے دوران کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ ہندوستان کے آئین کے پیچھے محرک قوت کے طور پر قابل احترام ہیں، جس نے شمولیت اور انصاف کے اصولوں کو یقینی بنایا۔