سی ڈی اسپتال کی منتقلی کے خلاف درگجن میں دکانداروں کا احتجاج

پرویز احمد
سرینگر //سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ کی جی بی پنتھ منتقلی سے درگجن ڈلگیٹ میں 40دوا فروشوں سمیت 100سے زائد دکانداروں کا روز گار خطرے میں پڑ گیا ہے اور اس کے خلاف منگل کو دکانداروں نے احتجاج کیا ۔ مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ اسپتال کی منتقلی سے ان کا روزگار متاثر ہوا اور انتظامیہ کو اسپتال منتقل کرنے سے قبل دکانداروں کے روز گار کے بارے میں سوچنا چاہئے تھا۔ بازار کمیٹی درجن ڈلگیٹ کے صدر مخدوم علی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ سی ڈی اسپتال کے گیٹ سے لیکر ڈلگیٹ چوک تک 100سے زائد دکاندار اپنی روزی روٹی کما رہے ہیں لیکن اسپتال کی منتقلی سے ان کا روز گار متاثر ہوگا‘‘۔انہوںنے بتایا کہ ان 100دکانداروں میں سے 40مریضوں کو ادویات فروخت کرتے ہیں اور ان میں بھی چند دکانداروں نے حالیہ دنوں اپنی دکانوں پر مزید رقومات صرف کی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال کی منتقلی سے دکانداروں کا روزگار متاثر ہوگا اور اس کی برپائی کرنے کیلئے ان دکانداروں کو روز گار کے نئے وسائل فراہم کئے جائیں۔ مخدوم علی نے بتایا کہ اسپتال منتقل ہونے سے نہ صرف ادویات فروش متاثر ہوگا بلکہ مریضوں کو کھانا پینا اور دیگر چیزیں فراہم کرنے والے دکاندار بھی متاثر ہونگے۔مخدوم علی نے بتایا ’’ہم لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع انتظامیہ سرینگر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اسپتال کی منتقلی سے قبل مقامی دکانداروںکے روزگار کا بھی انتظام کریں۔