سہڑی چوہانہ کے مستحقین پی ایم اے وائی سکیم سے باہر | بیشتر آبادی کسمپری کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ،انتظامیہ خاموش 

حسین محتشم

پونچھ//ضلع پونچھ کے صدر مقام سے تقریبا 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع حلقہ پنچایت سہڑی چوہانہ ایک ایسا علاقہ جہاں کی بیشتر آبادی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اکثر لوگ مزدوری کرکے گزر بسر کرتے ہیں۔ ایسے مفلوک الحال افراد کیلئے گھر تعمیر کرنا کسی خواب سے کم نہیں ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ علاقے میں اب تک مرکز کی پردھان منتری آواس یوجنا( PMAY )اسکیم کے تحت ایک مکان بھی تعمیر نہیں کیا گیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقے میں مستحق افراد پی ایم اے وائی سے محروم ہیں۔ اگرچہ محکمہ دیہی ترقی کے افسران سے کئی باررجوع بھی کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھا یا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایک عرصہ گزر جانے کے بعد بھی مذکورہ علاقہ کا کوئی بھی فرد پی ایم اے وائی اسکیم سے مستفید نہیں ہو سکا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے معقول گھر نہ ہونے کے باعث علاقے کی کے مستحق لوگ مال مویشیوں کے ساتھ ایک ہی مکان میں گزر بسر کرنے پر مجبور ہیں۔مقامی شہریوں کا کہنا تھا اگرچہ مرکزی حکومت نے غریب اور افلاس افراد کیلئے پی ایم اے وائی اسکیم کے تحت چھوٹے مکان تعمیر کرانے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں تاہم مذکورہ علاقے میں ابھی تک کوئی شخص اس اسکیم سے مستفید نہ ہو سکا۔ مقامی لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی کے افسران اور ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے علاقے کے پسماندہ لوگوں کو سرکاری اسکیم سے کوئی فائدہ نہیں پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ کئی بار یہ مسئلہ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کی نوٹس میں بھی لایا گیا تاہم آج تک مذکورہ محکمہ نے کوئی بھی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کے علاقہ میں بھی سکیم کا فائدہ پہنچا کر لوگوں کو مکان تعمیر کرنے کے لئے رقومات فراہم کی جائیں۔