سونگڑی ۔چانہ نیوسی رابطہ سڑک لوگوں کیلئے درد سر

سید زاہد
بدھل //ریاسی ضلع کے چسانہ علاقہ میں زیر تعمیر رابطہ سڑک گزشتہ کئی برسوں سے زیر تعمیر پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی آمد ورفت بُری طرح سے متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی سڑک کی خستہ حالی کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دے رہا ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سڑک کو ایک طویل عرصہ سے یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام اور متعلقہ محکمہ سے بھی رجوع کیا گیالیکن متعدد مرتبہ یقین دہانیوں کے باوجود ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔مقامی معززین نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی برسوں سے لاکھوں روپے کا سرکاری فنڈز خرچ کرنے کے بعد بھی عوام کو سہولیت میسر نہیں ہو سکی ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک ایک وسیع علاقہ کی عوام کیلئے ایک واحد راستہ بھی ہے لیکن اس کے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات بارشوں میں مزید بڑھ گئیں ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایات جاری کی جائیں تاکہ رابطہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کیاجاسکے ۔