سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے کام جون سے قبل مکمل ہوں گے

 عظمیٰ نیوزسروس

سرینگر//سرینگرسمارٹ سٹی لمیٹڈ نے کشمیرعظمیٰ میں شائع خبر پرردعمل کااظہارکرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ 168 پروجیکٹوں پرکام کررہاہے جن میں 90 مکمل ہوچکے ہیں اور ان پر 450 کروڑروپے خرچ کئے جاچکے ہیں جبکہ 490کروڑروپے لاگت والے 68 پروجیکٹوں پرکام جاری ہے ۔ایک بیان کے مطابق پائین شہر سرینگر کااہم علاقہ ہے اورسرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈفی الوقت 25کلومیٹر مسافت کی سڑکوں کوبہتر اور خوبصورت بنارہی ہے جبکہ ان سڑکوں پر روشنی کے انتظامات بھی کئے جارہے ہیں۔ ان پروجیکٹوں میں ڈلگیٹ گوجوارہ سڑک پر25کروڑروپے خرچ کئے جارہے ہیں اوربہوری کدل ،مہاراج گنج،اورعالی کدل کے گلی کوچوں اور سڑکوں کو50کروڑ روپے کی لاگت سے بہتر بنایا جارہا ہے۔یہ تمام پروجیکٹ 60فیصد سے زیادہ مکمل ہوچکے ہیں اورجون2024تک انہیں پورا کیا جائے گا۔بیان میں درج ہے کہ حبہ کدل کاحال ہی میں افتتاح کیا گیا جو پائین شہر کاایک فلیگ شپ پروجیکٹ تھا۔تمام پروجیکٹوں پر کام شیڈول کے مطابق جاری ہے اور توقع ہے کہ انہیں جون2024سے قبل مکمل کیاجائے گا۔سمارٹ سٹی پروجیکٹ لمیتڈ کے کام منصوبہ بند طور ترتیب دئے گئے ہیں اور ان پر دن رات کام جاری ہے۔پائین شہر میں جامع انفراسٹرکچر کاموں میں نہ صڑف سڑکیں بلکہ معقول نکاسی آب نظام،بدروکوٹھکانے لگانے اور مواصلات اور بجلی نظام شامل ہیں جو شہر کے لوگوں کی زندگی کوآسان بنائیں گے۔بیان میں کہاگیا ہے کہ ڈھانچے کے کاموں کی وجہ سے دکانداروں اور مقامی لوگوں کو مشکلات پیش آسکتی ہیں کیوں کہ یہاں زیرزمین کھدائی کا کام چل رہاہے ،لیکن کام وقت پر ہورہے ہیںاور سمارٹ سٹی پروجیکٹ بہترفٹ پاتھ، سڑکوں پر پارکلنگ سہولیات ،معقول ڈرینیج ،سٹریٹ لائٹس ودیگر کام انجام دے رہی ہے۔