سرنکوٹ تا ڈگری کالج سڑک کی حالت خستہ،متعلقہ محکمہ لاتعلق

 بختیار کاظمی

سرنکوٹ// سب ضلع سرنکوٹ کے صدر مقام کے کلومیٹر اول میں عرصہ دراز سے سڑک کا ایک چھوٹا ساحصہ خستہ حالی کا شکار ہے لیکن محکمہ گریف ٹس سے مس نہیں ہوتا۔ اسی سڑک سے اکثر ضلع انتظامیہ اور تحصیل انتظامیہ کے اعلی آفیسران کا گذر بھی ہوتا رہتا ہے لیکن اس پر آج تک کسی نے کوئی بھی توجہ نہیں دی۔ فائر سروس سے پیٹرول پمپ سرنکوٹ کے درمیان محکمہ گریف کی یہ سڑک کا حصہ ہے جس پر انتظامیہ کی جانب سے بھی کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔ اسی جگہ سے ہر روز ڈگری کالج سرنکوٹ کے طلباء وطالبات کا گذر بھی ہوتا ہے جن کی وردیاں کئی مرتبہ خراب ہو جاتی ہیں اور انہیں کالج کے بجائے گھر واپس لوٹنا پڑتا ہے۔لوگوںنے کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ فوری طور محکمہ گریف کو متحرک کر کے سڑک کی مرمت کروائے تاکہ راہگیروں اور مسافروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ رابطہ کرنے پر محکمہ گریف کے ایگزیکٹیو انجینئر نے بتایا کہ جب سے سرنکوٹ بفلیاز سڑک کا تعمیری کام شروع ہوا ہے، تب سے یہ سڑک متعلقہ ٹھیکیدارکے حوالے کی گئی تھی جس کو کئی مرتبہ سڑک کی مرمت کے حوالے سے کہا گیا لیکن ٹھیکیدار آج اور کل کر رہا ہے، اس حوالے سے ہماری میٹنگ بھی ہے جس میں اس سڑک کے حوالے سے بھی بات کی جائے گی۔