سائیں بابا گو نتریاں سڑک کا حال بے حال

حسین محتشم
پونچھ//جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے سائیں بابا گونتریاں شریف کی رابطہ سڑک کی خستہ حالی سے مکینوں کو بے حد مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مذکورہ سڑک سائیں میراں بخش رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ عالیہ کوجوڑتی ہے جہاں ہر روز سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مند حاضری کے لئے جاتے ہیں۔مقامی سماجی و سیاسی کارکن فیض اکبرراٹھورنے بتایا کہ کافی عرصہ سے مرمت نہ ہونے کے سبب سڑک خستہ حالی کا شکار ہوگئی ہے جس کی وہ سے عوام پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا خستہ حال سڑک سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ بارش کے موسم میں سڑک پر بنے گڈھوں میں پانی اور کیچڑ جمع ہونے سے عبور میں پریشانیاں ہورہی ہیں، وہیں خشک موسم میں گردوغبار کی وجہ سانس لینا دشوار ہو جاتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی سے اس سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے اور کسی بھی ایمرجنسی کے دوران بیمار کو ہسپتال لے جانے میں عوام پریشان ہوتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ دیگر مختلف علاقوں کی رابطہ سڑکوں کو میگڈامائز کیا جا رہا ہے تاہم ان کے علاقہ کی رابطہ سڑک کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ سے مذکورہ رابطہ سڑک کی مرمت اور میگڈم بچھانے کا مطالبہ کیا۔