ریلوے کے زیر استعمال ناچلانہ۔ کھڑی رابطہ سڑک دھنسنے کی وجہ سے ایک ہفتے بعد عارضی طور بحال کھڑی مہو منگت کی وسیع آبادی مشکلات سے دوچار۔ ریلوے تعمیراتی کمپنیوں پر عوام کو تختہ مشق بنانے کا الزام

محمد تسکین
بانہال// تحصیل ہیڈکوارٹر کھڑی ضلع رام بن کو جوڑنے والی ناچلانہ کھڑی رابطہ سڑک ہرنیہال کے مقام کے دھنس جانے کی وجہ سے ہزاروں کی آبادی کیلئے پچھلے کئی برسوں سے مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے اور قریب ایک ہفتے تک بند رہنے کے بعد اسے عارضی طور ہفتے کی شام کو بحال کیا گیا۔ کھڑی کی رابطہ سڑک پچھلے بیس برسوں سے ریلوے سٹیشن کھڑی اور زیر تعمیر کئی ٹنلوں کی رسائی کیلئے ریلوے تعمیراتی کمپنیاں استعمال کرتی آرہی ہیں لیکن ابھی تک اس سڑک کی طرف کبھی توجہ نہ دی گئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ناچلانہ کھڑی رابطہ سڑک کی حالت پچھلی دو دہائیوں ہر گزرتے دن کے ساتھ خستہ ہو رہی ہے لیکن ریلوے تعمیراتی کمپنیاں خصوصاً افکان اور ارکان انٹرنیشنل کی طرف سے اس بارے میں ان دیکھی کی جارہی ہے اور عوام کی روزمرہ کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سڑک کئی ریلوے ٹنلوں اور زیر تعمیر ریلوے سٹیشن کی تعمیر کیلئے ارکان انٹرنیشنل کے زیر استعمال ہے اور بھاری بھرکم مشینری کے چلنے کی وجہ سے یہ سڑک تباہ ہو کرہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ارکان انٹرنیشنل اور یہاں کام کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں اور حکام پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ ہرنیہال کے مقام پچھلے کئی برسوں سے ناچلانہ۔ کھڑی رابطہ سڑک کے کئی سو میٹر دھنس گئے ہیں اور ریلوے تعمیراتی کمپنیاں اس کی عارضی اور غیر تسلی بخش مرمت کے نام اب تک کروڑوں روپئے کی رقم مبینہ طور ہڑپ کر چکے ہیں اور اس مقام پر سڑک کو کبھی بھی پختہ نہیں کیا گیا جسکی سزا عام لوگوں کو بھگتنا پڑ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلی بارشوں اور برفباری کی وجہ سے ہرنیہال کے مقام سڑک پھر دھنس گئی تھی اور کم از کم ایک ہفتے بعد اسے عارضی طور بحال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرنیہال کے مقام سڑک کی ابتر صورتحال اور بند رہنے کی وجہ سے کھڑی۔ مہو منگت کے ہزاروں لوگ محصور ہو کر رہ جاتے ہیں۔