رواں برس پولیس نے مویشی سمگلنگ کی 152کوششیں ناکام بنائی ۔1354مویشی باز یاب ،140گاڑیاں ضبط کر کے مقدمے درج کئے گئے

عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں وکشمیر پولیس نے جموں صوبہ بالخصوص جموں ضلع میں رواں برس مویشی سمگلنگ کی درجنوں کوششیں ناکام بناتے ہوئے سینکڑوں مویشی باز یاب کروا لئے ہیں ۔جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس ابھی تک پولیس کی جانب سے مجموعی طورپر 152مویشی سمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائی گئی ہیں ۔بیان میں بتایاگیا ہے کہ مذکورہ کوششوں کے دوران پولیس نے غیر قانونی طورپر سمگل کئے جارہے 1354مویشیوں کو باز یاب کروالیا ہے جبکہ ان غیرقانونی کوششوں میں ملوث مجموعی طورپر 140گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں درجنوں مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔پولیس نے بیان میں بتایا کہ اس دوران غیر قانونی عمل میں ملوث 133افراد گرفتار بھی کئے گئے ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ با ر باز غیر قانونی عمل میں ملوث ہو کر مویشیوں کی سمگلنگ کرنے والے مجرموں کیخلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے ان کو جیل میں بند کیاگیا ہے جبکہ بار بار سمگلنگ میں ملوث ہونے والی گاڑیوں کو بلیک لسٹ بھی کر دیا گیا ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کو انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس غیر قانونی کاموں کو ختم کرنے کیلئے پُر عزم ہے جبکہ اس عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

جموں میں رواں برس 5مویشی سمگلروں پر پی ایس اے عائد کیا گیا
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں وکشمیر پولیس نے جموں ضلع میں رواں برس مویشی سمگلنگ میں ملوث 5سمگلروں پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ بار بار مویشی سمگلنگ میں ملوث ہونے والے افراد پر پی ایس اے عائد کیاگیا ہے ۔ان افراد کی شناخت راج علی عرف کالو گجر ولد بینیا امین سکنہ ترنگلہ تحصیل کھوڑ ضلع جموں،غلام مرتضی ولد ریاض علی سکنہ اسرار آباد سدھرا، جموں،شکیل محمد ولد ملوک حسین سکنہ کادیا تحصیل آر ایس پورہ ضلع جموں،مسکان علی ولد شیر علی سکنہ جدھرا تحصیل ڈنسال، جموں،جعفر احمد ولد مرحوم فرید احمد ر/مجین راگورہ سدھرا، جموںکے طورپر ہوئی ہے ۔مذکورہ مویشیوں کے اسمگلروں کو منظم طریقے سے اسمگلنگ میں مسلسل ملوث ہونے پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔جموں ضلع کے مختلف پولیس اسٹیشنوں کی جانب سے متعدد ایف آئی آر درج کئے جانے کے باوجود ملزمان نے اسمگلنگ میں ملوث ہونے سے باز رہنے کے لئے اپنے رویہ کو درست نہیں کیا۔مذکورہ اسمگلروں کی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ جموں نے انہیں پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت حراست میں لینے کا حکم دیا تھا۔