رمضان سے قبل بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ

عشرت حسین بٹ
منڈی //ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کی عوام نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ متبرک ماہ رمضان سے قبل تحصیل کی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ماہ رمضان میں منڈی تحصیل کے دور دراز علاقوں میں رہ رہے لوگوں کو راشن رسوئی گیس اور سرکار کی جانب سے دی جانے والی دوسری اشیائے خوردنی کا انتظام کیا جائے ۔انہوں نے کہا ہے کہ رمضان میں عوام کو بغیر کٹوتی کے متواتر خصوصی طور پر سحری اور افطاری کے وقت بجلی فراہم کی جائے۔ عوام نے کہا ہے کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ بازاروں میں سبزی فروشوں کو قبل از وقت عوام کے لئے تازہ اور بہتر قیمتوں پر سبزی اور پھل فروٹ رکھنے کے احکامات صادر کریں۔ عوام نے کہا کہ تاجروں کو قبل از وقت ریٹ لسٹ فراہم کر کے تاجروں کو ریٹ لسٹ کے مطابق سامان فروخت کرنے کو کہا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رمضان سے قبل منڈی قصبہ کے بازاروں گلی کوچوں میں صفائی ستھرائی کا کام انجام دیا جائے تاکہ ماہ رمضان کے اس متبرک مہینے میں عوام کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے ہر برس ماہ رمضان کے حوالے سے انتظامات کو لے کر اجلاس بلائے جاتے ہیں مگر ان میٹنگوں میں لئے ہوئے فیصلوں پر زمین سطح پر عمل درآمد نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ عملی بنیادوں پر ان تمام عوام مطالبات پر عمل کریں۔