راجوری میںمکان پر فائرنگ سرکاری ملازم ہلاک

 سمت بھارگو

راجوری// راجوری میں ایک سرکاری ملازم کو ملی ٹینٹوں نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ 40 سالہ محمد رزاق ولد محمد اکبر محکمہ سماجی بہبود میں ملازمت کے فرائض انجام دیتا تھا۔اسے پیر کی شام اس وقت مشتبہ ملی ٹینٹوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا جب وہ شاہدرہ شریف تھنہ منڈی سے چندکلو میٹر دور کنڈا نامی گائوں میں اپنے مکان میں موجود تھا۔رہائش گاہ پر فائرنگ کی گئی ،جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا۔ اسے فوری طور پر نزدیکی ضلع ہسپتال لیا گیا لیکن وہ تب تک دم توڑ چکا تھا۔مذکورہ شخص کا بھائی ٹریٹوریل آرمی میں کام کرتا ہے۔واقعہ کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشیاں لی گئیں۔واضح رہے کہ اننت ناگ راجوری پارلیمانی حلقے میںمئی کے پہلے ہفتے میں پولنگ ہونے جارہی ہے۔پچھلے ایک ہفتے میں یہ اس پارلیمانی حلقے میں دوسری ہلاکت ہے۔چند روز قبل بجبہاڑہ میں ایک بہاری مزدور کو ملی ٹینٹوں نے گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔