راجوری اور پونچھ میں سرکاری اراضی بازیابی مہم شدومد سے جاری  | 398145کنال بازیاب ناجائز قابضین میں لینڈ مافیا ،بڑے و معروف تاجر او ر سابق ممبر اسمبلی بھی شامل

نیوز ڈیسک
جموں//خطہ پیر پنچال کے راجوری اور پونچھ اضلاع میں سرکاری اراضی بازیابی مہم شدومد سے جاری ہے جس دوران ابھی تک دونوں اضلاع میں398145کنال سرکاری اراضی بازیاب کرائی گئی ہے ۔سرکاری حکام کے مطابق قابضین میںلینڈ مافیا ،بڑے اور معروف تاجروں اور ایک سابق ممبر اسمبلی بھی شامل تھا۔
پونچھ
اس ضمن میں ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے جاری تفصیلات میں کہاگیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ پونچھ نے پولیس کے تعاون سے کروڑوں روپے مالیت کی کمرشل اراضی سمیت زمین کا ایک بڑا حصہ واپس حاصل کر لیا ہے جس پر لینڈ مافیا،سابق ممبر اسمبلی اور بڑے بڑے تاجروں کا ناجائز قبضہ تھا۔تفصیلات کے مطابق مہم کے دوران اب تک زیر قبضہ کل 125030 کنال سرکاری اراضی میں سے122277 کنال اور 8 مرلہ اراضی بازیاب کرائی گئی ۔اسی طرح ضلع کے مختلف علاقوں میں کل 8530.16 کنال کاہچرائی اراضی میں سے 8391 کنال بھی بازیاب کرا لی گئی ہے۔محکمہ ریونیو کے مطابق بے دخلی مہم پوری رفتار سے جاری ہے اور جلد از جلد 100 فیصد تجاوزات کی واپسی کا ہدف رکھا جائے گا۔محکمہ کے مطابق ابھی تک97.8 فیصد سرکاری اراضی کو تجاوزات سے پاک کر دیا گیا ہے اور تقریباً 98.38 فیصد کاہچرائی اراضی کو تجاوزات سے پاک کر دیا گیا ہے۔اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں منی سیکریٹریٹ مینڈھر کے قریب 1.80 کروڑ روپے مالیت کی 7 کنال سرکاری اراضی واپس حاصل کی گئی۔ اسی طرح 2.5 کروڑ روپے کی 75 کنال آبی اراضی اور 171 کنال سرکاری اراضی مختلف تجاوزات سے بازیاب کرائی گئی۔ مینڈھر میں مختلف تجاوزات سے 207 کنال اراضی بازیاب کرائی گئی جس کی قیمت 1.30 کروڑ ہے جبکہ تحصیل منڈی میں 370 کنال اراضی بازیاب کرا لی گئی جس میں لورن منڈی میں 12 کنال اراضی بھی شامل ہے جس کی مالیت 50 لاکھ روپے ہے۔سرکاری تفصیلات کے مطابق لسانہ میں ایک سابق ممبر اسمبلی کی طرف سے 1.87 کروڑ روپے کی تقریباً 75 کنال اراضی بھی بازیاب کرائی گئی ہے جبکہ تحصیل سرنکوٹ میں 80 لاکھ روپے مالیت کی سرکاری اراضی، جس پر نجی اسکول کی عمارت تعمیر کی گئی تھی ،بھی واپس لے لی گئی ہے۔ریونیو حکام نے بالاکوٹ اور منکوٹ تحصیلوں میں تقریباً 100 فیصد تجاوز شدہ سرکاری اور کاہچرئی اراضی واپس حاصل کی۔
راجوری
ضلع انتظامیہ راجوری نے ضلع کی تمام تحصیلوں میں بڑے پیمانے پر تجاوزات کے خلاف مہم کے تحت اب تک 275867 کنال اور 12 مرلے سے زیادہ اراضی بازیاب کرائی ہے۔ پولیس اور ریونیو افسران/ اہلکاروں کی ٹیموں نے ضلع کی مختلف تحصیلوں کا دورہ کیا جن میں راجوری، درہال، تھنہ منڈی، نوشہرہ، قلعہ درہال، سندر بنی، سیوٹ، کالاکوٹ، تریاٹھ، بیری پٹن، منجاکوٹ، مولا اور خواص شامل ہیں اوروہاں 275867 کنال اور 12 مرلہ سرکاری زمین بازیاب کرائی۔غیر قانونی قابضین سے بازیاب کروائی گئی سرکاری اراضی میں 7546 کنال اور 05 مرلہ کاہچرائی اراضی اور 268321 کنال اور 07 مرلہ سرکاری اراضی بشمول روشنی اراضی شامل ہے۔تحصیلدار تریاٹھ نے گاؤں کیری میں 4 کنال پرائم سرکاری اراضی واپس لی۔ تحصیلدار کالاکوٹ اور ان کی ٹیم نے گاؤں کرال میں 62 کنال سرکاری اراضی بازیاب کرائی جبکہ تحصیل نوشہرہ کے گاؤں منگل دی میں 93 کنال اراضی بازیاب کرائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر وکاس کنڈل نے کہا کہ ضلع کے تمام حصوں میں انسداد تجاوزات مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ تمام قبضہ شدہ اراضی کو واپس نہیں لیا جاتا۔